امریکی خاتون فوجی اور ڈونلڈ ٹرمپ کی قریبی سمجھے جانیوالی سوشل میڈیا انفلوئنسر جیسیکا فوسٹر اے آئی سے بنی کردار نکلی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر تیزی سے مقبول ہونے والی انفلوئنسر جیسیکا فوسٹر بظاہر ایک امریکی فوجی اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بڑی حامی دکھائی دیتی ہے، لیکن حقیقت اس سے کہیں زیادہ حیران کن ہے۔
رپورٹس کے مطابق جیسیکا فوسٹر کوئی حقیقی شخصیت نہیں بلکہ ایک مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تیار کیا گیا ماڈل ہے۔ اس کا پورا وجود تصاویر، پوسٹس اور آن لائن شناخت تک محدود ہے، جبکہ حقیقی دنیا میں اس کا کوئی وجود نہیں پایا جاتا۔
یہ اے آئی سوشل میڈیا انفلوئنسر نہ صرف اپنی دلکش تصاویر اور سادہ شخصیت کے باعث لوگوں کی توجہ حاصل کرتی رہی، بلکہ خود کو ایک محبِ وطن امریکی فوجی کے طور پر بھی پیش کرتی رہی۔
اس کے سوشل میڈیا مواد میں اکثر اسے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ یا ان کی حمایت میں دکھایا جاتا ہے، جس سے اس کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جیسیکا فوسٹر جیسے اے آئی کردار خاص طور پر ایک مخصوص طبقے کو متاثر کرنے کے لیے تخلیق کیے جاتے ہیں، اور ان کا مقصد اکثر صارفین کو دوسرے پلیٹ فارمز کی طرف منتقل کرنا یا مالی فائدہ حاصل کرنا ہوتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جیسیکا نے گزشتہ سال دسمبر میں انسٹاگرام جوائن کیا اور قلیل وقت میں اس کے فالوورز کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔