• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بڑھتی عمر میں کندھوں کے ٹشوز کی غیر معمولی حالت عام بات ہے، تحقیق

کندھے کا درد درمیانی اور بڑی عمر کے افراد میں ایک عام علامت ہے، یہ درد عموماً کندھے کے جوڑ کو حرکت دینے والے پٹھوں کے ریشے میں خرابیوں کی وجہ سے ہوتا ہے، جو بازو کو دھڑ کے ساتھ جوڑتے ہیں۔ 

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ جب ریشے میں مسائل موجود ہوں تب بھی بہت سے لوگوں کو کندھے میں کوئی درد محسوس نہیں ہوتا، جس کی وجہ سے اس بات پر بحث جاری ہے کہ کیا امیجنگ میں نظر آنے والی تشوز کی خرابیاں واقعی درد کی اصل وجہ ہیں یا نہیں۔

ایک حالیہ تحقیق جو طبی جریدے جے اے ایم اے انٹرنل میڈیسن میں شائع ہوئی، اس میں صحت مند افراد میں کندھے کے جوڑ کو حرکت دینے والے پٹھوں کے ریشوں کی خرابیوں کا جائزہ لیا گیا۔ 

اس تحقیق میں فن لینڈ کے 40 سال یا اس سے زیادہ عمر کے 602 صحت مند افراد شامل تھے۔ کندھے کے درد کی موجودگی کا جائزہ لینے کے بعد تمام شرکاء کے دونوں کندھوں کے جوڑوں کا ہائی ریزولوشن ایم آر آئی کیا گیا تاکہ کسی بھی خرابی کا پتہ چلایا جا سکے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ 98.7 فیصد (595 افراد) میں جوڑ کو حرکت دینے والے پٹھوں کے ریشوں میں خرابی پائی گئی۔ ان میں سے 25 فیصد میں ریشوں سوجن، جبکہ 62 فیصد میں یہ جزوی طور پھٹے ہوئے تھے اور 11 فیصد میں مکمل طور پر پھٹ چکے تھے۔ عمر کے ساتھ ان ریشوں میں خرابیوں میں اضافہ ہوتا اور ان ریشے یا ٹشوز کا پھٹنا سب سے عام مسئلہ ہوتا ہے۔ 

جن افراد کو کندھے میں درد تھا، ان میں سے 98 فیصد میں ریشوں کی خرابی موجود تھی، لیکن حیرت انگیز طور پر 96 فیصد افراد ایسے  تھے جنہیں کوئی درد نہیں تھا، ان میں بھی یہ خرابیاں پائی گئیں۔ مکمل پھٹے ہوئے ریشوں کے 96 کیسز میں سے 78 فیصد افراد میں کسی قسم کی علامات نہیں تھیں۔

ماہرین کے مطابق جیسے جیسے لوگ عمر رسیدہ ہوتے ہیں اور اپنے بازوؤں کا استعمال جاری رکھتے ہیں، کندھے کے ٹشوز یا ریشے میں سوزش پیدا ہو سکتی ہے جس سے سوجن ہو جاتی ہے اور زیادہ دباؤ کے باعث جزوی یا مکمل طور پر انکے پھٹنے کا خطرہ بھی ہوتا ہے۔ 

اس تحقیق سے یہ پتہ چلا کہ امیجنگ میں نظر آنے والی ہر ٹشو یا ریشے کی خرابی کو بیماری نہیں سمجھنا چاہیے۔ جس طرح بالوں کا سفید ہونا عمر بڑھنے کا ایک فطری حصہ ہے، اسی طرح درمیانی اور زیادہ عمر کے افراد میں کندھوں میں کچھ تبدیلیاں بھی عموماً عمر بڑھنے کا نتیجہ ہوتی ہیں۔ 

کندھے کے ٹشوز کا جزوی پھٹنا تشویش کی بات نہیں ہے۔ اگرچہ علاج ہر مریض کے لحاظ سے مختلف ہو سکتا ہے، لیکن بحالی اور کندھے کا محتاط استعمال اکثر اس کی کارکردگی کو برقرار رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کیلئے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

صحت سے مزید