لاہور (نمائندہ جنگ) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز کی عدالتی خبر ٹی وی چینلز کے حقائق کے برعکس نشر کرنے سے متعلق پیمرا نے جواب احتساب عدالت لاہور میں جمع کروا دیا۔ریجنل جنرل منیجر پیمرا عائشہ منظور وٹو نے عدالتی حکم کے مطابق 6اپریل 2019ء کو حمزہ شہباز کے متعلق تمام نیوز چینلز پر چلائی جانے والے خبریں جواب کے ساتھ سی ڈیز کی صورت میں جمع کرائی ہیں۔عدالت نے حمزہ شہباز کی گرفتاری سے متعلق دائر درخواست مسترد کی تھی، میڈیا چینلز نے مبینہ طور پرعدالتی خبر کو حقائق کے برعکس نشر کیا۔احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے پیمرا سے چینلز پر چلنے والے خبروں کا ریکارڈ طلب کیا تھا۔