اسلام آباد(عاصم یاسین)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے منگل کو انسانی حقوق کے کارکنوں کے ہمراہ ایم این اے محسن داوڑ سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری اورپی پی پی پارلیمینٹرینز کے سیکریٹری جنرل فرحت اللہ بابر بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کا بنیادی مقصد محسن داوڑ کا نکتہ نظر سننا تھا۔ ملاقات کے بعد جب ایک صحافی نے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سے محسن داوڑ سے ملاقات کے حوالے سے سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ یہ دو ارکان پارلیمنٹ کے درمیان ملاقات تھی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان صحافیوں کے درمیان روابط ملک کے لئے بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ گو کہ کسی بھی ایشو پرابھی تک ہم دونوں کا نکتہ نظر ایک نہیں ہے تاہم جمہوریت، آئین اور انسانی حقوق کے ایشو پر پی پی پی کی پوزیشن سب کے سامنے ہے۔