کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر میر فاروق لانگو نے کہا ہے کہ کوئٹہ ہم سب کا مشترکہ گھر ہے شہر میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے عوام اورتاجروں کومیٹروپولیٹن کے ساتھ تعاون کرناچاہیے،شہر میں بائیو ڈیگریڈیبل پلاسٹک شاپروں کے علاوہ کسی دوسرے شاپر فروخت کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی یہ بات انہوں نے بدھ کو ائیرپورٹ روڈ پر بائیو ڈیگریڈیبل پلاسٹک مینوفیچرنگ پلانٹ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم آغا ، پلاسٹک ایسوسی ایشن کے صدر سردار ولی سمیت دیگر بھی موجود تھے میر فاروق لانگو نے پلانٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانا وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان ، وزیر بلدیات سردار صالح محمد بھوتانی اور میری اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ، وزیراعلیٰ بلوچستان نے صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لئے مشینری اور دیگر ضروریات پوری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ، انہوں نے کہاکہ کوئٹہ میں آج سے بائیو ڈیگریڈیبل پلاسٹک شاپروں کی فروخت شروع ہوگئی ہے ہماری تاجروں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ان شاپروں کے علاوہ دوسرے پلاسٹک کے شاپر نہ خریدیں بائیوڈیگریڈیبل پلاسٹک ماحول دوست ہے جو کچھ عرصے کے بعد خود بخود گل سڑجاتا ہے، تاجروں کی اپیل پران کے اسٹاک میں موجود شاپروں کو فروخت کرنے کیلئے 2 ماہ سے زائد کا وقت دیا۔