• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس: پاکستان کی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے پروگرام

فرانسیسی ٹور آپریٹر زکی معروف کمپنی ”کلیو“ کے تعاون سے سفارت خانہ پاکستان نے فرانس اور یورپ کے سیاحوں کے لیے پاکستان کو سیاحتی لحاظ سے اُجاگر کرنے کے لیے ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ یہ اس قسم کی دوسری تقریب تھی جو سفارت خانہ پاکستان میں منعقد کی گئی جس کا مقصد پاکستان کی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ 

فرانسیسی ٹور آپریٹر کمپنی کلیو کی جناب سے تقریبا 100 سے زائد فرانسیسی سیاحوں کو اس تقریب میں شمولیت کے لیے خصوصی دعوت نامے دیئے گئے تھے۔

مسٹر معین الحق سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں تقریب کے شرکاء کو پاکستان کے پوشیدہ سیاحتی مقامات کی تلاش کے لیے دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی منفرد اور شاندار سرزمین ہر قسم کے سیاحوں کے لیے بڑی دلچسپ اور پرکشش ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ سیاحت کے شعبے کے فروغ کے لیے موجودہ حکومت ترجیحی بنیادوں اقدامات کر رہی ہے۔ ان مقاصد کے حصول کے لیے سیاحوں کو جدید سہولیات فراہم کرنا، نئی ویزہ پالیسی کا اجراء، حکومت کی دوستانہ سیاحتی پالیسی اور آنے والی نسلوں کے لیے قدرتی وسائل کو محفوظ بنانا شامل ہیں۔

سفیر پاکستان نے فرانسیسی ٹور آپریٹر کا قابل قدر شراکت دار کے طور پر پاکستان کی سیاحت کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

عالمی شہرت یافتہ اینتھروپالوجسٹ و محقق جرارڈ رویلی نے اپنے دورہ پاکستان کے بارے میں تقریب کے شرکاء کو تفصیلی آگاہ کیا۔

بعد ازاں، کلیو ٹور آپریٹر کمپنی کے ڈائریکٹر ایشیاء محترمہ ماری اینک نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ ”کلیو“ نے سیاحوں کے لیے دورہ پاکستان کے لیے مختلف موضوعات کے ٹور پیکیجز پیش کیے جن میں ”پاکستان: 5000 سالہ فن و تاریخ“، ”شمالی پاکستان“ اور ”گرینڈ ٹور پاکستان“ شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پیکیجز جو کہ زیادہ تر 2019 اور 2020 کیلئے تھے وقت سے پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں۔ 

1976 میں تخلیق پانے والی فرانسیسی ٹور آپریٹر کمپنی’کلیو‘ اب تک 85 ممالک میں 200 سے زائد ٹور پیکیجز پیش کر چکی ہے۔

تازہ ترین