پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز سینئر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، اُن کی جگہ آصف باجوہ کو سیکریٹری نامزدکردیا گیا۔
جیو نیوزکے مطابق صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن خالد سجاد کھوکھر نے شہباز سینئر کے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شہباز سینئر نے ساڑھے 3 سال بساط سے بڑھ کر کام کیا۔
خالد سجاد کھوکھر کا کہنا ہے کہ آصف باجوہ پیر کو شہباز سینئر کی جگہ سیکریٹری کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
صدر پی ایچ ایف نے شہباز سینئر اور آصف باجوہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ شہباز سینئر نے گزشتہ سال دسمبر میں بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا تاہم صدر پی ایچ ایف خالد سجاد کھوکھر نے ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا تھا۔