• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ نے سیریز کے واحد ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 7 وکٹ سے شکست دے دی۔

کارڈف میں کھیلےگئے میچ میں انگلینڈ نے 174 رنز کا ہدف19 اعشاریہ2 اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

انگلینڈ کی طرف سے کپتان ایون مورگن 57 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ جیمز ونس 36 اور جو روٹ47 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔

اس سے قبل گرین شرٹس کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 173رنز بنائے اور انگلینڈکو 174رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی طرف سے بابر اعظم 65 اور حارث سہیل 50 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں جیمز ونس اور بین ڈکٹ نے اننگز اوپن کی،21 کے اسکور پر بین ڈکٹ 9 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

انگلینڈ کی دوسری وکٹ 66 کے اسکور پر گری،جیمز ونس 36 رنز کی اننگز کھیل کر عماد وسیم کا شکار بن گئے۔

انگلینڈ کی تیسری وکٹ 131 کے اسکور پر گر گئی،جوروٹ 47 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر حسن علی کی وکٹ بن گئے۔

کپتان ایون مورگن نے 57 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی اور ٹیم کو میچ میں فتح سے ہمکنار کرایا،وہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

ایون مورگن نے چوتھی وکٹ پر جو ڈینلی کے ساتھ 44 رنز کی شراکت قائم کی،جوڈینلی 20 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور عماد وسیم نے میچ میں 1،1 وکٹ اپنے نام کی تاہم محمد حسنین اور فہیم اشرف کسی انگلش کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھانے میں ناکام رہے۔

اس سے قبل سرفراز الیون کی طرف سے فخر زمان اور بابراعظم نے اننگز اوپن کی،گرین شرٹس کی پہلی وکٹ 16 کے اسکور پر گری، فخر زمان 7رنز بناکر ٹوم کرن کا شکار بن گئے۔

انگلینڈ کو دوسری کامیابی 31 کے اسکور پر ملی، امام الحق بھی 7 بناکر جوفرا آرچر کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔

تیسری وکٹ پر حارث سہیل نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر 103 رنز کی شراکت قائم کی،دونوں کھلاڑیوں نے اس دوران اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

16 ویں اوور میں 134 کے اسکور پر حارث سہیل 50 رنز بناکر جوفرا آرچر کی گیند پر ڈیوڈ ولی کو گیند تھما بیٹھے،یہ آرچر کی میچ میں دو سری وکٹ تھی۔

آرچر کے اسی اوور میں اننگز کے ٹاپ اسکور بابر اعظم 65 رنز بناکر رن آوٹ ہوگئے تو اس وقت پاکستان کا اسکور 4 وکٹ پر 135 رنز تھا۔

گرین شرٹس کی پانچویں وکٹ 139 کے اسکور پر آصف علی کی گری، وہ صرف 3 رنز بناکر رن آوٹ ہوگئے،وہ گرین شرٹس کے میچ میں دوسرے بیٹسمین تھے جو رن آوٹ ہوئے۔

چھٹی وکٹ پر فہیم اشرف اور عماد وسیم نے اسکور میں تیزی سے اضافے کرنے کی کوشش کی تاہم فہیم اشرف 165 کے اسکور پر صرف 17 رنز بناکر کرس جورڈن کا شکار بن گئے۔

عماد وسیم 18 اور حسن علی صفر رن پر ناٹ آوٹ رہے،انگلینڈ کی طرف سے آرچر نے 2، جورڈن اور ٹوم کرن نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

میچ میں گرین شرٹس کی طرف کپتان سرفراز احمد، بابراعظم،فہیم اشرف، حارث سہیل، فخر زمان،عماد وسیم،امام الحق، محمد حسنین، آصف علی،حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کھیل رہے ہیں۔

انگلینڈ کی ٹیم کپتان ایون مورگن، جیمز ونس، بین ڈکٹ، جو روٹ، جو ڈینلی، بین فوکس، ڈیوڈ ولی، عادل راشد، جوفرا آرچر، کرس جورڈن اور ٹوم کرن پر مشتمل ہے۔

تازہ ترین