کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہباز احمد کی جانب سے بطور سیکریٹری ہاکی فیڈریشن استعفی کی تردید کے بعد ڈرامائی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔ ہاکی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر شہباز احمد نے استعفی نہیں دیا ہے تو قبول کیسے کیا گیا، اور اگر ان کا پچھلے سال دسمبر کا استعفی قبول کیا گیا ہے تو پچھلے دنوں کانگریس اجلاس میں ان کا استعفی مسترد کردیا گیا تھا اور پی ایچ ایف کے صدر خالد کھوکھر نے انہیں بدستور کام کرنے کی ہدایت کی تھی۔ دوسری جانب اس بات کی بھی اطلاعات ہیں کہ نئے سکریٹری آصف باجوہ کی تقرری کی کانگریس سے منظوری لینا ہوگی ۔ سابق سکریٹری کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ کانگریس کے کچھ ارکان نے موجودہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر آئینی اقدام قرار دیا ہے امکان ہے کہ کانگریس کے اجلاس میں اس حوالے سے گرما گرمی نظر آئے گی۔