اسلام آباد( نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسی)سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ بار بار کہہ چکا ہوں کہ میں ن لیگ کا حصہ نہیں ہوں،اگر میں نے پنجاب اسمبلی کا حلف اٹھایا تو منافقت ہو گی،مہنگائی کا اکتوبر میں پوچھوں گا قوم چیخ اُٹھے گی ۔ واہ کینٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ میں نے ن لیگ میں ایک طویل وقت گزارا ہے، میں عزت کی خاطر سیاست کرتا ہوں اقتدار کے لئے نہیں۔سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے ن لیگ کے دروازے کھلے رہنے سے متعلق سوال پرچوہدری نثار علی خان نے کہا کہ میں شاہد خاقان عباسی کا مشکور ہوں، میرا ان کے خاندان کے ساتھ ایک تعلق رہا ہے لیکن بار بار کہہ چکا ہوں کہ میں ن لیگ کا حصہ نہیں ہوں۔پنجاب اسمبلی کا حلف اٹھانے سے متعلق چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ کیسے صوبائی اسمبلی کا حلف اٹھا لوں، اگر میں نے پنجاب اسمبلی کا حلف اٹھایا تو یہ منافقت ہو گی۔انہوں نےکہا کہ مہنگائی کا اکتوبر میں پوچھوں گا، اس قدر مہنگائی آئے گی کہ قوم چیخ اٹھے گی۔پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس کم کرکے عوام کو ریلیف دیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کے لڑاکا طیارے پاکستان ائیر فورس کے جوانوں نے گرائے جنکا نام لینا بھی انھیں گوارہ نہیںجس طرح ان پائیلٹس کی تعریف ہونی چاہئے تھی اس سے اجتناب کیا گیا۔