اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ملازم کو اسٹیٹ بینک کا گورنر لگانا بہت بڑی غلطی ہے، ٹینکو کریٹس کسی کے نہیں ہوتے، خان صاحب کہیں خود کو این آر او نہ دیدیں۔ بدھ کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق صدر نے حکومت مخالف تحریک چلانے کا عندیہ دیدیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف سیاسی تحریک تو چلے گی تاہم اصل سوال یہ ہے کہ حکومت کے خلاف تحریک کب چلے گی۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں جعلی ٹھیکوں کے کیس میں عبوری ضمانت حاصل کرنے کے بعد آصف زرداری نے کہا کہ خان صاحب کہیں خود کو این آر او نہ دے دیں۔سابق صدر نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ملازم کو گورنر اسٹیٹ بینک لگا کر بڑی غلطی کی گئی ہے، پاکستان کی معاشی تاریخ میں یہ بات یاد رکھی جائے گی۔