راولپنڈی(صباح نیوز)غیر قانونی ٹھیکوں کے کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے نیب راولپنڈی میں پیش ہونے کے لئے مہلت مانگ لی۔ نیب راولپنڈی کی جانب سے آصف علی زرداری کو جمعرات کے روز طلب کیا گیا تھا تاہم آصف علی زرداری جعلی بینک اکائونٹس کیس کی اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے باعث نیب راولپنڈی میں پیش نہ ہوئے۔ آصف علی زرداری کی جانب سے نیب کو درخواست بھجوائی گئی ہے کہ انہیں پیشی کے لئے مہلت دی جائے۔درخواست وکیل کے ذریعہ بھجوائی گئی ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت میں پیشی کے باعث نیب کے سامنے پیش نہیں ہو سکتا۔