• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’فلم چھلاوا میں میرا کردار اصل زندگی سے قریب ہے‘

پاکستان کی دلکش اداکارہ مہوش حیات اور اداکار اظفر رحمان کی نئی آنے والی فلم ’چھلاوا‘ رواں سال عید الفطر کے موقع پر ریلیز کی جائے گی، اظفر رحمان کا کہنا ہے کہ اس فلم میں اُن کا کردار اصل زندگی سے قریب ہے۔


اداکار و میزبان اظفر رحمان نے پہلی مرتبہ فلم ’چھلاوا‘ سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس فلم کی کہانی ایک لڑکا، لڑکی اور ظالم سماج کے گرد گھومتی نظر آئے گی۔ رومانوی کہانی سے بھرپور اس فلم میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح یہ جوڑا مشکلات اور جدو جہد کے بعد اپنے گھر والوں کو شادی کے لیے مناتا ہے۔

اظفر رحمان نے بتایا کہ اس فلم میں اُن کا کردار اُن کی اصل زندگی سے قریب ترین ہے، فلم چھلاوا میں وہ ایک سمیر نامی پر جوش اور جذباتی لڑکے کا کردار ادا کریں گے، جو اگر خوش ہے تو خوش رہے گا اور اگر اُداس ہے تو بری طرح جھگڑا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اُن کا یہ کردار بہت سی شخصیت پر مشتمل ہے اور انہیں یہ کردار کرکے بے حد اچھا لگا۔

اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ مہوش حیات اور اُن کی اس فلم میں بہترین موسیقی، تفریح، طنز و مزاح اور رقص سمیت تمام چیزیں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ وجاہت رؤف کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’چھلاوا‘ میں نامور اداکارہ مہوش حیات اور اظفر رحمان مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ فلم رواں سال عید الفطر پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

تازہ ترین