گوادر(نمائندہ جنگ، جنگ نیوز، خبرایجنسی) بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل پر دہشت گردوں کا حملہ شدید فائرنگ راکٹ حملے میں2سیکورٹی گارڈ شہیدہو گئے سیکورٹی فورسزنے اسٹاف اور مہمانو ں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ، ہوٹل میں چینی شہریوں سمیت کوئی بھی غیر ملکی موجود نہیں تھا، آپریشن میں 3دہشتگردوں کو مار دیا گیا جبکہ 2اہلکارزخمی ہوئے،حملہ آور وں کے پاس بھاری اسلحہ تھا، تین دہشت گردوںنے زبردستی ہوٹل میں گھسنے کی کوشش کی، وزیر داخلہ بلوچستان کا کہنا ہے کہ 4 بجکر50منٹ پر حملے کی اطلاع ملی جبکہ معلوم نہ ہوسکاکہ حملہ آورسمندر سے یا کس راستے سے ہوٹل پہنچے، کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی جبکہ ہوٹل کو کلیر کرنے کیلئے رات گئے تک آپریشن جاری تھا ۔ تفصیلات کےمطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 3دہشت گردوں نے پی سی گوادر میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی، انٹری پر موجود گارڈ نے دہشت گردوں کو روکا جس پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے ہوٹل کا سیکورٹی گارڑ شہید ہوگیا،آئی ایس پی آر کے مطابق ہوٹل میں موجود مہمانوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے،سیکورٹی فورسز کے اہلکار دہشت گردوں کو گھیرے میں لے کر بالائی منزل تک لے گئے جبکہ سیکورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ادھرصوبائی وزیر داخلہ ضیا لانگو کا کہنا ہے کہ فورسز اور دہشت گردوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں کچھ افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم ان میں کسی غیر ملکی باشندے کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں، ہوٹل میں موجود افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کرکے بحفاظت نکال لیا گیا ۔دوسری جانب وزیر اطلاعات بلوچستان کا کہنا ہے کہ گوادر کے ہوٹل میں صرف اسٹاف موجود تھا جنہیں بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ تین دہشت گردوں نے ہوٹل پر حملہ کیا جس پر سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کی۔قبل ازیں ایس ایچ او گوادر اسلم بنگلزئی کا کہنا تھا کہ ʼہمیں 4 بج کر 50 منٹ پر یہ اطلاع ملی کہ 3 سے 4 دہشت گرد پرل کانٹیننٹل ہوٹل میں داخل ہوئے جبکہ سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ۔