• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوادر واقعہ کے بعد جڑواں شہروں میں سکیورٹی ہائی الرٹ

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) جڑواں شہروں میں سکیورٹی کومزیدہائی الرٹ کردیاگیا ۔ گوادرمیں دہشت گردوں کے حملے کے بعد جڑواں شہروں میں حساس عمارتوں اورتنصیبات پرتعینات عملے کومزیدالرٹ رہ کر کام کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نےڈی آئی جی آپریشنز وقارالدین سید کو تمام حفاظتی ڈیوٹیز کی خود مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کردی۔ذرائع کے مطابق آئی جی کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات میں کہاگیاہے کہ سحر و افطار اور نمازوں کے اوقات میں مساجد کی سکیورٹی کو خصوصی طور پر الرٹ رکھا جائے۔ ڈیوٹیز پر تعینات افسران و جوانوں کو بریف کیا جائے۔داخلی وخارجی راستوں پر بھی چیکنگ کو مزید موثر بنایا جائے.آئی جی نے ہدایت کی ہے کہ پٹرولنگ پر تعینات افسران و جوان موونگ پوزیشنز میں رہیں۔دریں اثناءآرپی اوراولپنڈی احمداسحاق جہانگیر نے بھی راولپنڈی پولیس کوہدایت کی ہے کہ سیکیورٹی الرٹ رکھی جائے شہرکے داخلی وخارجی راستوں پرچیکنگ کومزیدمؤثربنایاجائے جب کہ ضلع بھرکی مساجداوردیگرعبادت گاہوں پرتعینات سیکیورٹی اہل کاروں کوخصوصی طورپرالرٹ رکھاجائے۔ انہوں نے ضلع کے مختلف مقامات پرکام کرنے والے چینی باشندوں کے لئے کئے گئے حفاظتی انتظامات کوبھی مزیدمؤثربنانے کی ہدایات جاری کیں۔ گوادرمیں ہوٹل پردہشت گردوں کے حملے کے بعدہفتہ کی رات راولپنڈی پولیس نے مال روڈاوربھوربن میں واقع فائیوسٹارہوٹلوں کی چیکنگ کی۔ دونوں ہوٹلوں میں علاقہ کے ایس ڈی پی اوزنے اپنے ایس ایچ اوزکے ہمراہ دورہ کرکے حفاظتی انتظامات کاجائزہ لیا اورہوٹلوں کی انتظامیہ سے بات چیت کی ۔
تازہ ترین