ملتان (نمائندہ جنگ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی طیارے بادلوں میں بھی آئے تو بھی مار گرایا، دہشت گردی میں ’را‘ یا این ڈی ایس ملوث ہوئے تو تعاقب کریں گے، دوست ممالک نے بھرپور امداد کی مگر اس کے باوجود مجبوری میں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، پاکستان اور سی پیک کی مخالف قوتیں دہشت گردی میں ملوث ہیں، کچھ قوتیں پاکستان میں استحکام نہیں دیکھنا چاہتیں، سی پیک سے یورپ تک چین کی رسائی بڑھ جائے گی، بھارت نے پاکستان پر پلوامہ کا الزام لگایا لیکن ثابت نہیں کر سکا، اگر دہشت گردی کے واقعات میں را یا این ڈی ایس ملوث ہوئیں تو ان کا تعاقب کریں گے، بھارتی طیارے اگر بادلوں کی اوٹ سے بھی آئے تو پاکستانی شاہینوں نے انہیں مار گرایا، شک نہیں پاکستان مشکل حالات میں ہے لیکن تحریک انصاف کی حکومت 5 سال کی مدت پوری کرے گی، آئی ایم ایف کے پاس نہیں جانا چاہتے تھے لیکن مجبوری کی حالت میں گئے، دوست ممالک نے بھرپور امداد کی مگر اس کے باوجود مجبوری میں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ مالیاتی خسارہ عروج پرتھا، ملک میں سرمایہ کاری کا فقدان تھا، بے روزگاری عروج پرتھی، حالات بگڑ رہے تھے، پچھلی جتنی حکومتیں آئیں ان کا دارومدار ان ڈائریکٹ ٹیکسوں پر رہا، درآمدات کے مقابلے میں برآمدات زیادہ تھیں، ملکی خزانہ خالی تھا، 806 ارب روپے کا پچھلے 5 ماہ کا گردشی قرضہ تھا، حکومت کی کوشش ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط میں نرمی اور عوام کیلئے آسانی ہو۔