بھارتی میوزک انڈسٹری کی گلوکارہ شریا گھوشال سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کافی متحرک نظر آتی ہیں اور اپنے دھیمے لہجے اور رویے سے کافی مشہور ہیں مگر گزشتہ روز اُن کے مداح حیران رہ گئے جب شریا نے ایک غصے اور ناراضگی سے بھر پور ٹوئٹ کیا۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق شریا گھوشال سنگاپور ایئر لائن میں سفر کر رہی تھیں اور اُن کے ساتھ اُن کے کچھ میوزیکل آلات بھی موجود تھے جنہیں ائیر لائن نے ساتھ لے جانے سے منع کر دیا۔
شریا نے ائیر لائن پر غصہ کرتے ہوئے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’میرے خیال میں سنگاپور ائیر لائن نہیں چاہتی کے کوئی گلوکار یا کوئی ایسا مسافر جس کے ساتھ مہنگا سامان ہو اُ ن کے ساتھ سفر کرے، ٹھیک ہے بہت شکریہ، میں نے سبق سیکھ لیا ہے۔‘‘
شریا کے ٹوئٹ کے جواب میں سنگاپورائیر لائن نے ٹویٹ میں لکھا کہ’ ’ہائےشریا! ہمیں یہ سن کر افسوس ہوا ، ہم اس کے لیے معذرت خواں ہیں، کیا ہم آپ کے خدشات کے بارے میں مزید تفصیلات جان سکتے ہیں ، ہمارے ساتھیوں کی طرف سے آپ کو کیا مشورہ دیا گیا تھا؟ شکریہ۔‘
واضح رہے کہ شریا کے اس ٹوئٹ کے بعد اُن کے مداحوں نے اُن کے حق میں ٹوئٹس کئے اور کچھ نے تو شریا کو غصہ نہ کرنے اور مسئلے کو درگزر کرنے کا مشورہ بھی دیا۔