لندن(خبرایجنسی) سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ نیب نے ہمارےمنتخب نمائندے پی ٹی آئی میں شامل کروائے،دوران انتخابات ن لیگ کو لیڈ کرتا دیکھ کر الیکشن کروانے والوں کی ٹانگیں کانپ گئیں، ہمارے ووٹ مسترد کروائے گئے،اس وقت ملک میں سلیکٹڈ حکومت ہے ،یہ عوام کی نمائندہ حکومت نہیں ،یہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے ،عمران خان نیازی کا ڈرامہ چار حلقے کھولنے سے شروع ہوا تھا اور 35پنکچرزاور جب ان کی مرضی کے مطابق میں نے مذاکرات کر کے ان سے دھرنا ختم کرایا اور چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن بنوایا اور اس کی جب رپورٹ آئی تو انہوں نے کہا کہ یہ میرا سیاسی بیان تھا۔ اتوار کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما وسابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب قوانین میں تبدیلی کی ضرورت ہے ، پاکستان میں نیب قانون سے پہلے بھینس چوری کا مقدمہ سیاستدانوں پر بنایا جاتا تھا،مرحوم چوہدری ظہور الٰہی سمیت دیگر بڑے سیاستدانوں پر اس طرح کے مقدمات دیہی علاقوں میں درج کرائے جاتے تھے۔