پیرس (اے پی پی) رواں برس کا دوسرے بڑے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 123 واں ایڈیشن 27مئی سے فرانس کے دارلحکومت پیرس میں شروع ہوگا تفصیلات کے مطابق میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کیلئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ میگا ایونٹ کلے کورٹ پر کھیلا جائیگا جس میں دنیائے ٹینس کے نامور کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں نظر آئیں گے۔ میگا ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز سمیت دیگر مقابلے ہوں گے۔ ہسپانوی شہرہ آفاق ٹینس سٹار رافیل نڈال میگا ایونٹ کے مینز سنگلز مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں میں رومانیہ کی نامور ٹینس سٹار سیمونا ہالپ اپنے اعزاز کا دفاع کریں گی اسی طرح مینز ڈبلز مقابلوں میں ہربرٹ اور نکولس مہوٹ پر مشتمل فرانسیسی جوڑی اپنے اعزاز کی بقا کیلئے کوشاں ہوگی۔ ویمنز ڈبلز مقابلوں میں سینیاکووا اور باربورا پر مشتمل جمہوریہ چیک کی جوڑی اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کرے گی۔ مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں چین کی لٹیشا چن اور انکے کروشین جوڑی دار آئیوان ڈوڈگ اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے میگا ایونٹ 27مئی سے شروع ہوکر 9جون کو اختتام پذیر ہوگا۔