پاکستان رینجرز (سندھ) نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث 3ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
رینجرز اعلامیہ کے مطابق نبی بخش اور گارڈن کے علاقوں میں کارروائی کے دوران 2ملزمان اُسامہ عرف چٹو اور شعیب علی کوگرفتار کیا جن کا تعلق لیاری گینگ وارسے ہے، ملزمان بھتہ وصولی میں ملوث ہیں۔
میمن گوٹھ کے علاقے میںکارروائی کرتے ہوئےاسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی میں ملوث ملزم صالح محمد عرف سوالی کو گرفتار کیا گیا، جس کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔
ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ،ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بھی بر آمدکرلی گئی ہے،تمام ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
دریں اثناء اندرون سندھ مٹیاری کے علاقے میں حیدر آباد برانچ کینال اور مٹیاری کینال میں پانی چوری کے خلاف محکمہ آبپاشی اور پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 9 مقامات سے پانی کے غیرقانونی کنکشن،موگھے اور نکوں کو ہٹایا گیا جبکہ پانی چوری میں ملوث7 افراد کے خلاف متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر درج بھی کروائی گئی۔
علاقے کے کاشت کاروں نے محکمہ آبپاشی، رینجرز اور پولیس کے اس اقدام کو بے حد سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔