پاکستانی کرکٹ ٹیم کےسرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کسی بھی طرح آسان ٹورنامنٹ نہیں ہے لیکن انگلش کنڈیشنز ہمارے فاسٹ بولروں کو مدد دیتی ہیں، اگر مجھے کسی بھی کھلاڑی کو اپنی ٹیم میں رکھنے کا آپشن ملے تو میں انگلش وکٹ کیپر جوز بٹلر کو اپنی ٹیم میں لینا پسند کروں گا۔
سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہمارا ورلڈ کپ کا ریکارڈ بہت اچھا ہے، 1992میں ہم نے ورلڈ کپ جیتا تھا۔دو سال پہلے انگلینڈ میں آئی سی سی چیمپنز ٹرافی جیتی اس بار ایک اور معرکہ سر کر نے آئے ہیں۔
جمعرات کو لندن میں ورلڈ کپ کے دس کپتانوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ سرفراز احمد نے کہا ہے کہ حالیہ پاک انگلینڈ سیریز سے ٹیم کو بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے، پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کے لیے تیار ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ ہماری ٹیم کے کھلاڑی جیت کے لیے پرعزم ہیں، گرین شرٹس میں بہترین بولنگ، بیٹنگ، فیلڈنگ کی صلاحیت ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ 92 کے ورلڈ کپ میں ہمیں مشکلات کے باوجود فتح ملی، حالیہ سیریز کے بعد فیلڈنگ سمیت دیگر کوتاہیوں پر قابو پالیا گیا ہے۔
کپتان نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کے لیے تیار ہے، فاسٹ بولر وہاب ریاض کو ان کی تجربہ کاری کی وجہ سے ٹیم کا حصہ بنایا۔
ویرات کوہیلی نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں سب سے بڑا نکتہ پریشر کا ہوگا وہی ٹیم فاتح بنے گی جس دباؤ برداشت کرے گی۔اس موقع پر پاک بھارت میچ کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔
کوہلی نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے دوسرے حصہ میں پچیں تبدیل ہوجائیں گی 280رنز بنانے والی ٹیم فاتح بنے گی۔
بھارتی کپتان نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم متواز ن ہے اور ورلڈ کپ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
کوہلی نے کہا کہ ہم نے آسٹریلیا کی سیریز سے بہت کچھ سیکھا ہے۔دو صفر کی برتری کے باوجود سیریز ہار گئے۔آپ کو بڑے ٹورنامنٹ میں بھرپور جذبے اور مہارت کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔جو بھی ٹیم متحد ہوکر اچھی کرکٹ کھیلے گی کامیابی اسی کا مقدر بنے گی۔
ویرات کوہلی نے کہا کہ ورلڈ کپ ایک کٹھن ٹورنامنٹ ہےکوئی بھی میچ آسان نہیں ہوگا۔پاکستان سے دو طرفہ کرکٹ روابط کے بارے میں کوہلی نے کہا کہ پاکستان سے کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ بورڈ نے کرنا ہے۔پاکستان سے کھیلنے یا نہ کھیلنے کے حوالے سے میری رائے کی کوئی اہمیت نہیں ہوگی۔
ورلڈ کپ کے میزبان ملک انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے کہا ہے کہ ٹائٹل جیتنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں ۔ہمیں ماضی میںورلڈ کپ نہ جیتنے کا کوئی دکھ نہیں ہے لیکن اس بار یہ ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لئے تیار ہیں۔اس وقت ہم بہترین پوزیشن پر عالمی نمبر ایک ہیں۔مجھے کہا جائے تو میں رکی پونٹنگ کو اپنی ٹیم کا کوچ رکھنا پسند کروں گا۔
کپتان اوئن مورگن نے کہا کہ پاکستان کو ون ڈے سیریز ہرا کر ورلڈ کپ جیتنے کے لیے پرامید ہیں، انگلینڈ کے کپتان نے پاکستان کی شاندار کارکردگی کو بھی سراہا۔
آسٹریلیا کے ایرون فنچ نے کہا کہ ورلڈ کپ میں پچز بیٹنگ کے لئے ساز گار ہوں گی اور ہائی اسکورنگ میچ ہوں گے۔