• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں مسجد پر بم حملہ عدم تحفظ پیدا کرنےکی سازش ہے، کمیونٹی رہنما بلجیم

برسلز(عظیم ڈار) پاکستان تحریک انصاف بلجیم کے چیئرمین شکیل گوہر قائم مقام صدر میاں شعیب، سرپرست چوہدری زاہد حسین بھدر، کوآرڈینٹر غلام ربانی بابو بھائی اور سنئیر رہنما اویس ورک نے کوئٹہ کی رحمانیہ مسجد میں بم دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد حملوں کے ذریعے عدم تخفظ کی فضا پیدا کی جارہی ہے تاکہ موجودہ حکومت کو مورد الزام ٹھہرا کر سیاسی عدم توازن قائم کیا جاسکے۔ انھوں نے حملے کی بھرپورالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث مجرمان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ سٹی برسلز کے نومنتخب کونسلر محمد ناصر نے کہا کہ پاکستان کو چاہئے کہ سیکورٹی کو مزید بہتر بناکر سفاک دہشت گردوں کے خلاف گھیراتنگ کرے۔ کوکل برگ کی منتخب کونسلر اور امیدوار برائے برسلز پارلیمنٹ لامیہ خان نے رحمانیہ مسجد میں بم دھماکے کو پاکستان کی سالمیت کے لئے بڑا خطرہ قراردیا اور کہا کہ ایسے واقعات سے پاکستان کی بین الاقوامی سطع پر بدنامی ہوتی ہے۔ ممبر برسلز پارلیمنٹ ڈاکٹر منظور ظہور نے کہا کہ دہشت گرد ایسے حملوں کے ذریعے پاکستان کو کمزور نہیں کرسکتے۔ انھوں نے جمعہ کی نماز کے دوران بم حملے کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اغیار ہمارے ملک میں انارکی پھیلانا چاہتے ہیں۔ مسلم لیگ نون بلجیم کے صدر حاجی پرویز یوتھ ونگ بلجیم کے صدر طاہر رحمن، چیف آرگنائزر رانا فلک شیر نے حملے میں شہید ہونے والے معصوم لوگوں اور زخمی افراد کی جلد صحتیابی کے لئے دعائیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اوورسیز پاکستانیوں نے راولپنڈی کی معصوم فرشتہ کے ساتھ زیادتی اور اسکے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ارباب اختیار سے فرشتہ اور اسکی جیسی معصوم بچیوں جو کہ درندوں کی حوس کا شکار ہورہی ہیں انکی دادرسی اور درندوں کے خلاف قانون بناکر سخت سے سخت سزائیں تجویز کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ آئندہ ایسے گھناؤنے جرم کا ارتکاب کرنے والے مجرمان گناہ کرنے سے قبل سوچیں کہ بعد میں انہیں بھی اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔
تازہ ترین