پنجاب کے ضلع بھکر میں ڈیزل سے بھرا ٹینکر سڑک پر الٹ گیا، آئل ٹینکر الٹنے کا واقعہ بھکر میں ایم ایم روڈ پر پیش آیا ہے۔
الٹنے والے ٹینکر میں 52 ہزار لیٹر ڈیزل موجود ہے، واقعے کے فوری بعد ریسکیو عملہ اور پولیس ٹینکر الٹنے کے مقام پر پہنچ گئے جنہوں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
متاثرہ سڑک پر ٹریفک اور لوگوں کی آمد و رفت کو روک دیا گیا ہے تاکہ کسی قسم کا سانحہ پیش نہ آسکے، جبکہ موقع پر موجود امدادی ٹیمیں ڈیزل کو دوسرے ٹینکر میں منتقل کر رہی ہیں۔
ڈیزل کی منتقلی کے بعد ٹینکر کو سڑک سے ہٹایا جائے گا تاکہ ٹریفک کی آمد و رفت بحال ہو سکے۔
واضح رہے کہ دو سال قبل جون 2017ء میں رمضان المبارک میں پنجاب کے علاقے احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر الٹنے کا واقعہ ہولناک سانحے میں تبدیل ہو گیا تھا۔
ٹینکر سے سڑک اور اطراف کے کھیتوں میں بہنے والے تیل کو جمع کرنے کے لیے مقامی افراد بڑی تعداد میں وہاں پہنچے تھے اور اس دوران آگ لگنے سے 230 سے زائد افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے تھے۔
رواں ماہ افریقی ملک نائیجر میں آئل ٹینکر الٹنے اور اس سے بہنے والے تیل میں آگ لگنے کا ایسا ہی المناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں 71 سے زائد افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔