اس جدید دور میں ماہرین نت نئی چیزیں متعارف کروانے کے لیے تجربات کرنے میں سر گرداں ہیں ۔حال ہی میں جرمنی کے سائنس دانوں نے جیٹ اڑن ٹیکسی کا کام یاب تجربہ کیا ہے ۔اس ٹیکسی کو ایک اسٹارٹ اپ کمپنی لیلئیم نے تیار کیا ہے ۔اس میں پانچ افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے ۔کمپنی کے مطابق اس میں ورٹیکل ٹیک آف اینڈ لینڈنگ (وی ٹی اوایل ) سسٹم نصب کیا گیا ہے ۔یعنی رےو ن کے بغیر یہ ہیلی کاپٹر کی طر ح اُٹھتی اور لینڈ کرتی ہے ۔اس کی رفتار 186 میل فی گھنٹے یعنی 300 کلو میٹر ہے ۔اس کو تیار کرنے کے لیے ماہرین نے طویل عر صے تک تحقیق کی اور اسے متعارف کرانے سے پہلے کئی ٹیسٹ سے گزارا گیا ۔ماہرین کے مطابق اس میں 36 برقی انجن نصب ہیں جو اسے عمودی پرواز کے قابل بناتے ہیں ۔یہ بہت تیز رفتار کا حامل ہے لیکن فی الحال یہ ایک مرتبہ چارج ہونے پر صرف 80 میل کا فاصلہ ہی طے کرسکتا ہے۔اس کی سب سے اہم چیز اس کا ڈیزائن ہے جو ڈرون موڈ میں از خود یا پائلٹ موڈ میں کام کرتا ہے ۔اس میں نہ دم ہے ،نہ رڈر اور نہ ہی کوئی گئیر باکس ہے ۔مسافروں کے لیے اس میں آرام دہ نشستیں بھی رکھی گئی ہیں اور اس میں بلبلے نما ایک شیشے کی کھڑکی بھی بنائی گئی ہے،جس کے ایک دائرے سے ہر جگہ کا نظارہ بھی کیا جاسکتا ہے ۔یہ ٹیکسی 2025 ء تک بڑے شہروں میں فروخت کے لیے پیش کی جائےگی ۔