وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے۔
او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں سربراہ اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی جائے گی۔
شاہ محمود قریشی اپنے دورے کے دوران مختلف ملکوں کے وزرائے خارجہ اوراہم شخصیات سے ملاقات کریں گے، مسلم اُمہ کو درپیش چیلنجز پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان او آئی سی کے 14ویں اسلامی سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے جو سعودی عرب کی میزبانی میں مکہ مکرمہ میں 31 مئی کو منعقد ہو رہا ہے۔
گزشتہ شب ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کیساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں وزیراعظم عمران خان کو مدعو نہ کرنے پر کہا تھا کہ نریندر مودی نے پاکستان کی مخالفت پر الیکشن لڑا ہے اور اب یہ توقع کرنا کہ وہ اس سے فوری پیچھے ہٹ جائیں گے اور اپوزیشن کو تنقید کا موقع دیں گے تو یہ ممکن نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی داخلی سیاست اس کی اجازت نہیں دیتی، یہ ممکن ہے کہ وہ مستقبل میں کوئی راستہ اختیار کریں گے، اگر مودی خطے کی ترقی چاہتے ہیں تو اس کے لیے پاکستان کے ساتھ مل بیٹھنا ہوگا۔