• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ کے بعد آرتھر اور انضمام کو تبدیل نہیں کیا جارہا، پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ورلڈ کپ کے بعد غیر ملکی ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کو تبدیل نہیں کیا جارہا ہے۔اس حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

یہ خبر ایسے وقت میں میڈیا کی زینت بنی ہے جب پاکستانی ٹیم ناٹنگھم میں ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ کھیلنے موجود ہے۔مکی آرتھر اور انضمام ناٹنگھم میں ہیں۔

منگل کو مکی آرتھر نے لارڈز میں آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کی تھی جبکہ انضمام الحق نے ٹرینٹ برج میں پاکستانی ٹیم کے پریکٹس سیشن میں کھلاڑیوں کو موٹیویشنل تقریر کی تھی۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹورنامنٹ جیت سکتا ہے آپ کو سوفیصد کارکردگی دکھانا ہوگی۔

ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ شروع ہونے سے ایک دن پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کی حمایت میں کھڑا ہوگیا ہے اور کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے بعد مکی آرتھر اور انضمام الحق کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔یہ تاثر درست نہیں ہے کہ ورلڈ کپ کے بعد دونوں کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

یہ خبر ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کی تیاریوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔پی سی بی کا مکی آرتھر اور انضمام پر مکمل اعتماد ظاہر کیا گیا ہے۔ٹورنامنٹ کے دوران بھی یہ اعتماد قائم رہے گا۔

بھارتی خبر رساں ایجنسی نے میگا ایونٹ سے قبل دونوں کو تبدیل کرنے کی خبر دے کر شر انگیزی پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔

پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے بعد دونوں کے معاہدوں کا جائزہ لیا جائے گا۔تبدیل کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

پی سی بی اس حوالے سے پہلے بھی کہہ چکا ہے کہ ورلڈ کپ کے بعد مکی اور انضمام کے معاہدوں کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا کہ ان کے معاہدوں میں توسیع کی جائے یا نہیں۔

واضع رہے کہ ورلڈ کپ کے بعد انضمام اور مکی آرتھر کے معاہدے ختم ہورہے ہیں اور اس بات کے امکانات روشن ہیں کہ پی سی بی دونوں عہدوں پر نئی تقرریاں کرے گا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ بھارتی خبر ایجنسی کا پی سی بی آفیشل کے حوالے سے خبر دینا افسوس ناک ہے۔

تازہ ترین