سلام آباد /پشاور.....وادی سوات کےسیاحتی مقامات اور گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں آج بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے ، میدانی علاقوں میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہے ،ادھر چارسدہ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
مالم جبہ اور کالام سمیت وادی سوات کے پرفضا مقامات پر آج بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔۔ میدانی علاقوں میں ہلکی اور تیزبارش سے موسم سرد ہوگیا۔چارسدہ کی تحصیل تنگی میں بارش کے دوران مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔
بنوں میں تین دن سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے جس کی وجہ سے متاثرین شمالی وزیرستان کی خیمہ بستیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں ۔۔ بارش کا پانی خیموں میں داخل ہونے سے کھانے پینے کا سامان خراب ہوگیا ،استور اور غذر سمیت گلگت بلتستان کے مختلف بالائی علاقوں میں بھی بارش اور برفباری سے موسم سرد ہے ۔
ملتان ، فیصل آباد ، سیالکوٹ ، بھکر اور رحیم یارخان سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد موسم تو خوش گوار ہے ، تاہم بیشتر مقامات پر بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔
بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں میں بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی ہے ،محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسم کی موجودہ صورتحال آئندہ 24 گھنٹوں تک برقرار رہے گی۔