• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرمی کی شدت سے ملک بھر کے باسیوں کا براحال ہے۔ بڑھتے درجہ حرارت اور ایک طویل دن سے نمٹنے کے لیے موسم گرما کے کچھ خاص پھل آپ کی مدد کرسکتے ہیں۔ ہر موسم کی اپنی خصوصیات ہوتی ہیں، اسی طرح ہر موسم کے اپنے ذائقے دار اور رسیلے پھل بھی ہوتے ہیں، جو ایک سخت اور گرم دن کے دوران آپ کی تونائی (انرجی لیول) بڑھانے، جسم کوہائیڈریٹ رکھنے، سورج کی شعاعوں سے حفاظت اور ضروری غذائیت فراہم کرنے کے حوالے سے خاص اہمیت کے حامل ہیں۔ ان پھلوں کو گرمیوں کے موسم میں اپنی خوراک کا حصہ بنا کر آپ اس موسم کا بہتر طور پر مقابلہ کرسکتے ہیں۔ اس حوالے سے ماہرین کی رائے ہے کہ موسم گرما کے یہ چند خاص پھل جسم کو ٹھنڈک دینے کے ساتھ ساتھ زہریلے مواد کو خارج کرنے میں بھی مدد فراہم کرتےہیں۔ ان پھلوں کو ڈائٹ کا حصہ بنانےسے قبل ضروری ہے کہ آپ ان پھلوں کی افادیت اور غذائی اہمیت سے متعلق مکمل طور پر آگاہ ہوں۔ آئیے جانتے ہیں کہ وہ پھل کون سے ہیں اور کس طرح آپ کے لیے مفید ہیں۔

آم

پھلوں کا بادشاہ آم، موسم گرما کا سب سے خاص پھل ہے جس کی آمد کا انتظار پورے سال کیا جاتا ہے۔ آم کا سیزن شروع ہوتے ہی یہ پھل مارکیٹ میں تقریباًہراسٹال پر دستیاب ہوتا ہے۔ آم نہ صرف مخصوص ذائقہ اور منفرد خوشبو رکھنے والا پھل ہے بلکہ یہ وٹامن اور غذائیت سے بھر پور ایک غذائی مجموعہ بھی ہے۔ آم میں وٹامن اے، وٹامن سی، وٹامن ڈی، آئرن، پوٹاشیم اور کیلشیم وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ آم میں موجود فائبر اور پیکٹن کی کثیر مقدار جسم سے کولیسٹرول کی سطح کم کرتی ہے جبکہ دیگر غذائی اجزا بلڈ پریشر اور دل کی رفتار کو کنٹرول رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ آم کا شیک گرمی کا توڑ تسلیم کیا جاتا ہے جبکہ اس میں پائے جانے والے اجزا قوت مدافعت میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔

تربوز

موسم گرما کے پھلوں میں آم کے بعد پہلا نام تربوز کا ہی لیا جاتا ہے۔ تربوز ایک ایسا پھل ہے جو نہ صرف گرمی کم کرنے میں مدد کرتا ہے بلکہ انسانی جسم میں موجود نمکیات کی کمی کو بھی کنٹرول کرتا ہے۔ تربوز میں 92فیصد پانی کی مقدار پائی جاتی ہے، جس کے باعث اسے جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے کی صلاحیت سے مالا مال پھل مانا جاتا ہے۔ تربوز میں فولیٹ، بیٹا کیروٹین، پوٹاشیم، وٹامن سی اور اے موجود ہوتے ہیں، یہ تمام غذائی خصوصیات انسان کو متحرک اور تندرست رکھنے میں مدد دیتی ہیں۔

آلوچہ /آلوبخارا

یہ نرم وملائم پھل اگرچہ سائز میں چھوٹا مگر غذائی اجزا سے بھر پور ہوتا ہے۔ آلوچہ میںڈائٹری فائبر، سوربٹول اور ازاٹن پایا جاتا ہے جو قبض اور نظام ہاضمہ کی مختلف بیماریوں سے نجات حاصل کرنے میں بہترین ثابت ہوتا ہے۔ آلوچے نشاستے اور ریشےکی وار مقدار فراہم کرتے ہیں، جس کے سبب معدے اور آنتوں کی بیماریاں ختم ہو جاتی ہیں۔

پپیتا

پپیتا موسم گرما کا ایک اور خاص پھل ہے۔ اگرچہ پپیتا ہر موسم میں دستیاب ہوتا ہے لیکن موسم گرما میں یہ پھل بآسانی ملتا ہے جو کہ کچا اور پکا دونوں حالتوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ پپیتے کے طبی فوائد کے باعث اس پھل کو دنیا کے مختلف حصوں میں خاص اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔ پپیتے میں وٹامن اے، وٹامن سی، فولیٹ، سوڈیم، کیلشیم، آئرن، میگنیشیم، پوٹاشیم، زنک، فاسفورس اور پاپین پر مشتمل مختلف فوٹو کیمیکل پائے جاتے ہیں۔ پپیتے میں گاجر کے مقابلےبیٹا کیروٹین کی کثیر مقدارپائی جاتی ہے، جس کے باعث یہ خاص پھل کینسر، ذیابطیس، قلبی امراض اور سوزش جیسی بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں ۔

فالسہ

فالسہ موسم گرما کا بہترین اور دنیا بھر میں پسند کیا جانے والا پھل ہے۔ جنوبی ایشیائی باشندے منہ کا ذائقہ تبدیل کرنے والے اس پھل کا کئی طرح سے استعمال کرتے ہیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ پھل بہت سے طبی فوائد لیے ہوئے ہے؟ جی ہاں !فالسہ نظام ہضم کے لیے بہترین قرار دیا جاتا ہے، یہ نہ صرف اسے درست انداز میں کنٹرول کرتا ہے بلکہ جسم میں پانی کی کمی بھی دور کرتاہے ۔

آڑو

موسم گرما کا ایک اور رسیلا، میٹھا اور مہک سے لبریز پھل آڑو ہے۔ بے شمار طبی فوائد کے باعث ماہرین اسے کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ یہ ذائقے دار پھل جسم سے زہریلےمادوں کے اخراج میں بہترین ثابت ہوتا ہے،دوسری جانب آڑو میں موجود بیٹا کیروٹین جسم کے تمام حصوں میں خون کی گردش کو بڑھانے کے علاوہ آنکھوں کے پٹھوں کی فعالیت کو بہتر بنانے کا کام بھی انجام دیتا ہے ۔

تازہ ترین