• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری ، فریال تالپور کی ضمانت میں 10 جون تک توسیع

اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میںآصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ کی عبوری ضمانت میں 10 جون تک توسیع کردی

دوران سماعت عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا یہ مقدمہ صرف 3 کروڑ روپے کا ہے؟

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ میگا منی لانڈرنگ کیس میں 14 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئیں،آصف زرداری اور فریال تالپور کی فرنٹ کمپنی اومنی گروپ ہے، اربوں روپے کی رقم ٹھیکیداروں سے بطور رشوت وصول کی گئی، اس رقم کو بار بار مختلف جعلی اکاؤنٹس میں گھمایا جاتا رہا۔

عدالت نے سوال کیا کہ کیا رقم ٹریس ہو چکی کہ کہاں سے آئیں؟

تفتیشی افسر نے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس میں بیشتر رقوم کیش جمع کروائی گئیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے دوران نیب نے آصف زرداری کے خلاف ریکارڈ جمع کرا دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کا جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل 2 رکنی ڈویژن بنچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔

نیب کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ریکارڈ میں جمع کرایا گیا۔

عدالت عالیہ نے گزشتہ روز تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مکمل ریکارڈ طلب کیا تھا۔

سابق صدرآصف علی زرداری نے اسلام آباد ہائی کورٹ آمد کے موقع پرصحافیوں سے غیررسمی گفتگو کی۔

ایک صحافی نے ان ے سوال کیا کہ زرداری صاحب آپ نے خاموش رہنے کا مشورہ دیا، تو کب تک خاموش رہیں؟

جس پر آصف زرداری نے جواب دیا کہ میں نے آپ کو کب کہا کہ خاموش رہیں، میں نے کہا کہ میں خاموش ہوں۔

صحافی نے سوال کیا کہ خان صاحب نے آپ کو کنٹینر اور کھانا دینے کا کہا تھا، لیکن کل جو ہوا اس پر کیا کہیں گے؟

آصف زرداری نے اس پر کہا کہ انہوں نے کیا کھانا پینا دینا ہے، انہوں نے تو عوام کا کھانا بھی چھین لیا ہے۔

ایک اور صحافی نے ان سے پوچھا کہ جب حکومت گرانا مقصود نہیں تو حکومت مخالف تحریک چلانے کاکیا فائدہ؟

آصف زرداری نے بتایا کہ عید کے بعد حکومت مخالف تحریک چلائیں گے، یہ تحریک چلانے کے مختلف مقاصد ہیں۔

اس سے قبل آصف زرداری اپنی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ احتساب عدالت پہنچے جہاں ان کے اور فریال تالپور کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت ملزمان کی حاضری لگا کر 14 جون تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔

احتساب عدالت نمبر 2 کے جج ارشد ملک عمرے کی ادائیگی کے باعث رخصت پر ہیں جس کی وجہ سے ڈیوٹی جج محمد بشیر نے ملزمان کی حاضری لگا کر سماعت ملتوی کی۔

تازہ ترین