• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچن کی صفائی ایک انتہائی محنت اور وقت طلب کام ہے۔ خاص طور پر یہ اس وقت بہت مشکل لگتی جب عید نزدیک ہو اور کاموں کی لمبی فہرست آپ کی منتظر ہو۔ ا یسے میں چولہوں پر لگے داغ، کیبنٹس اور رمضان کے دوران استعمال کیے گئے برتنوں پر موجود گریس کی بوچھاڑ، فریج کی صفائی اور اس جیسے دیگر کام خوش اسلوبی سے نمٹانا پہاڑ سر کرنے کے مترادف معلوم ہوتا ہے۔

خواتین جانتی ہیں کہ کچن کی صفائی گھر کے دیگر حصوں کی نسبت زیادہ اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ صاف ستھرا اور منظم کچن ایک طرف عورت کے سلیقہ کا منہ بولتا ثبوت ہوتا ہے تو دوسری جانب اہل خانہ کی صحت مند زندگی کا ضامن بھی مانا جاتا ہے۔ اگر کچن کی صفائی منظم او ر مؤثر انداز میں نہ کی جائے تو مختلف سطحوں پر موجود کیمیکلز صحت کے لیے سب سے زیادہ نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ آج کی تحریرمیں ہم خواتین کے لیے کچن کی صفائی سے متعلق کچھ ایسی مفید تجاویز پیش کرنے جارہے، جو دوران صفائی آسانی اور سود مند ثابت ہوں گی۔

فریج کو صاف کیسے رکھا جائے؟

فریج کی نہ تو صفائی آسان ہے اور نہ ہی اسے مستقل بنیادوں پر صاف رکھنا۔ اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کا فریج ہر وقت صاف اور منظم رہے تو فریج میں موجود ہر شیلف پر ایک پرت یا کور کا مزید اضافہ کریں اور اسے ہر ہفتے یا پندرہ دن میں تبدیل کرتی رہیں۔ یہ کور شیٹ آپ کے فریج کو گرتی یا لیک ہوتی غذائی اشیا اور ان کے داغ دھبوں سے محفوظ رکھے گی۔ دوسری جانب آپ کے فریج کی باڈی بھی بآسانی صاف اور نئی رہے گی۔

بیکنگ سوڈا ،بہترین کلینر

بیکنگ سوڈا کو مختلف طریقوںسے استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔ بیکنگ سوڈانہ صرف بیکنگ اور روٹی کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے بلکہ آپ اسے اپنے کچن کی صفائی کے لیے بطور کلینر بھی استعمال کرسکتی ہیں۔ اس کے ذریعے چولہوں اور کچن میں استعمال ہونے والے اپلائنسز کی بآسانی صفائی کی جاسکتی ہے۔

فریج کی ناگوار بُو

لیموں کا عرق اور سرکہ بہت سے ٹوٹکوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے لیکن کیا آپ جانتی ہیں کہ یہ دونوں اشیا فریج کی ناگوار بُو کو دور کرنے کے لیے بہترین ہوتی ہیں؟ اگر نہیں تو آزما کر دیکھ لیجیے۔ ایک پرانی آئس کیوب ٹرے لیںاور اس ٹرے میں لیموں کے پیس کاٹ کر ڈال دیں، پھر ان کے اوپر سے سرکہ شامل کردیں، اب اس ٹرے کو فریج میں رکھ دیں۔ یہ ٹرے جب تک آپ کے فریج میں موجود رہے گی، اس میں بو نہیں آئے گی۔

سنک کی صفائی

عام طور پر گھروں میں اسٹین لیس اسٹیل کے سنک دیکھنے میں آتے ہیں لیکن برتنوں کی زیادہ دھلائی کے سبب یہ سنک جلد ہی پرانے اور گندے محسوس ہونے لگتے ہیں۔ سنک کی صفائی کے لیے بھی آپ بیکنگ سوڈا کام میں لا سکتی ہیں۔ آپ اسے سنک کے چاروں طرف اچھے سے ڈال کر کچھ دیر لگا چھوڑ دیں۔ اس کے بعد پرانے ٹوتھ برش کی مدد سے سنک کو رگڑیں (اسکربنگ کریں)۔ ایسا کرنے سے آپ کا سنک چمک اُٹھے گا۔

مائیکروویو کی صفائی

مائیکروویو کی بہترین اور آسان صفائی کے لیے ایک پانی کے باؤل میں چند لیموں کے قطرے ملاکر مائیکروویو میں رکھ دیں۔ اس پانی کو تیز گرم کریں کیونکہ گرم ہونے کے دوران اُٹھنے والی بھانپ مائیکروویو کے اندر جمے ہوئے غذائی اشیا کے تمام ذرات کو بآسانی ہٹانے میںمدد دے گی۔ پانی بوائل کرنے کے بعد ایک نئے اسفنج سے مائیکروویو صاف کرلیں، پھر اس کے بعد اسفنج کو پانی سےاچھی طرح دھولیں۔ دھلے ہوئے اسفنج کو مائیکروویو میں رکھ دیں اور ایک منٹ کے لیے اسے چلادیں تاکہ تمام جراثیم اور بیکٹریا اس اسفنج میں منتقل ہوسکیں۔

کچن کیبنٹ کی صفائی

کچن کیبنٹس کے اوپر موجود چکنائی کی صفائی کےلیے دو کپ گرم پانی میں ڈش واشر شامل کریںاور کسی صاف تولیے یا اسفنج سے چکنائی کے داغ دھبوں کی صفائی کریں۔ دوسری جانب جو دھبے صاف نہ ہوپارہے ہوں، ان کیلئے بیکنگ سوڈا استعمال کریں۔

تازہ ترین