بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے کہا ہے کہ قلی ان کے کیریئر کی پہلی فلم ہے جس کے اسکرپٹ کی ایک بھی لائن سنے بغیر فلم کرنے کیلئے ’ہاں‘ کردی۔
سپر اسٹار رجنی کانت اور ہدایت کار لوکیش کناگاراج کے درمیان طویل انتظار کے بعد ہونے والے پہلے اشتراک ’قلی‘ کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو چکا ہے۔
شاندار کاسٹ اور عامر خان کی خصوصی مہمان اداکاری کے ساتھ فلم کا چرچا عروج پر ہے۔
حال ہی میں منعقدہ پری ریلیز ایونٹ میں ’ستارے زمین پر‘ کے ہیرو نے اس منصوبے کی طرف اپنی دلچسپی کی وجہ بتائی۔
عامر نے بتایا کہ لوکیش مجھ سے ملنے آئے، معلوم نہیں تھا کہ وہ کس لیے آرہے ہیں۔ انہوں نے مجھ سے کہا کہ میں چاہتاہوں آپ فلم قلی میں ایک کردار کریں۔ ’جیسے ہی مجھے پتا چلا کہ کئی سال بعد یہ رجنی سر کی فلم ہے، شاید پہلی بار میں نے بغیر اسکرپٹ سنے فلم کےلیے ’ہاں‘ کر دی۔
ان کے لیے یہ محض ایک مختصر کردار نہیں بلکہ دل سے نکلا ہوا خراجِ تحسین تھا۔ عامر نے براہِ راست رجنی کانت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سر، آپ ہم سب کے لیے ایک تحریک ہیں اور ہم آپ کے بے حد مداح ہیں۔ شکریہ سر، یہ میری طرف سے ایک چھوٹا سا تحفہ ہے۔
جب عامر سے پوچھا گیا کہ رجنی کانت کی کونسی ایک خوبی وہ اپنے پاس رکھنا چاہیں گے، تو انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ انتخاب آسان نہیں ہے۔ کیونکہ رجنی سر میں اتنی خوبیاں ہیں کہ ایک کا انتخاب کرنا بہت دشوار ہے۔
ابتدا میں عامر کا جھکاؤ رجنی کانت کی گرمجوش اور دل موہ لینے والی مسکراہٹ کی طرف تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ رجنی سر کی مسکراہٹ ایسی ہے کہ وہ بس دل جیت لیتی ہے۔
لیکن پھر انہوں نے اپنا خیال بدل لیا اور کہا کہ ایک منٹ، میں اپنا جواب بدلنا چاہتا ہوں۔ میرے خیال میں ان کی آنکھیں۔ کیونکہ رجنی سر کی آنکھوں میں ہر جذبہ موجود ہے۔ اگر آپ ولن ہیں تو آپ کے لیے مشکل ہو جائے گی، ان کی نظر آپ کو خوفزدہ کر دے گی اور اگر آپ ہیروئن ہیں تو وہ محسوس کرے گی کہ آپ اس سے محبت کر رہے ہیں۔ ان کی آنکھوں میں ہر احساس جھلکتا ہے۔ تو شاید میں کہوں گا، ان کی آنکھیں۔
فلم 14 اگست کو ایک شاندار ویک اینڈ ریلیز کے لیے تیار ہے، جب یہ جونیئر این ٹی آر اور ریتک روشن کی وار 2 سے ٹکرائے گی۔