پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حزب اختلاف نے حکومت پر کڑی تنقید کی ہے۔
مسلم لیگ نون کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پٹرول کا مہنگا ہونا نالائق اور نااہل وزیراعظم کی قوم کو ایڈوانس عیدی کی قسط ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 9 ماہ میں پیٹرول، گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافے نےعوام کی کمر توڑ دی ہے، پٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے سے مہنگائی کے سونامی میں مزید اضافہ ہوگا ۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ رات کی تاریکی میں ڈاکا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام کا خون نچوڑ کر حکومت چلائی جا رہی ہے، جب ادھار پر پیٹرول مل رہا ہے تو عوام کو ریلیف کیوں نہیں ملتا؟
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے گزشتہ شب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
پیٹرول کی قیمت میں 4روپے26 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 112 روپے 68 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی۔
ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 50 پیسے فی لیٹراضافہ کیاگیا ہے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپیہ 69پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے،
ڈیزل آئل کی قیمت میں 1 روپیہ 68 پیسے فی لیٹرکا اضافہ کیاگیا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی ان نئی قیمتوں کا اطلاق گزشتہ رات 12 بجے سے ہوچکا ہے۔