• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کیلئے حج پہ سبسڈی نہیں ،دوستوں گھر والوں کو مفت عمرے،مریم اورنگزیب

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے ہمراہ غیر متعلقہ افراد کے سرکاری خرچ پر دورہ عرب پر شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ عمران صاحب قوم سے حج سبسڈی چھین کر خاندان اور دوستوں کو سرکاری خرچے پہ عمرے کرارہے ہیں۔ قوم کو بتائیں کہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں پر کتنے لوگوں نے مفت عمرہ ادا کیا اور اس پر کتنا خرچ آیا ہے ؟ اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران صاحب عوام کو کہتے ہیں حج پہ سبسڈی نہیں دے سکتے، پیسے نہیں ہیں اور دوستوں اور گھر والوں کو مفت عمرے کرارہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ عمران صاحب آپ نے اور آپکے وزراء نے توخصوصی سرکاری جہاز استعمال نہیں کرنا تھا ، اس جھوٹ اور ڈرامے کا کیا ہوا؟ عوام کے سامنے بھینسوں اور کفایت شعاری کے ڈرامے اور دوستوں کو مفت سیریں ؟ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب سرکاری جہاز استعمال کرنے سے تو عوام کے ٹیکس کا پیسا ضائع ہوتا تھا ، اس کا کیا ہوا؟ عمران صاحب سرکاری جہاز استعمال کرنے سے تو بچے اسکول نہیں جا سکتے تھے؟ بچے بھوکے مر جاتے تھے؟ اسکا کیا ہوا؟ ترجمان مسلم لیگ (ن) نے سوال کیا کہ عمران صاحب پوچھنا یہ تھا کہ آپ او آئی سی میں کس کمرشل جہاز پر گئے تھے ؟ وزیر اعلی خیبرپختونخوا اورپنجاب اور آپ کے ذاتی دوستوں کے جلوس نے اوآئی سی کے اجلاس میں کیا نمائندگی کی؟
تازہ ترین