• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں 3افراد جان کی بازی ہار گئے

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں 3افراد جان کی بازی ہار گئے‘ دو افراد کو قتل کر دیا گیا جبکہ ایک شخص ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہو گیا۔ تھانہ پیرودھائی کو سخی مراد نے بتایا کہ میں اپنے بھائی محمد آغا اور شینا کی گاڑی میں فوجی کالونی گلی نمبر 27سے گزر رہے تھے کہ ایک موٹر سائیکل پر رشید اور شہباز ‘ شاہ نواز اور 3بھائیوں نے ہمیں مارنا شروع کر دیا۔ رشید کا فائر میرے بھائی محمد آغا کو ٹانگ پر لگا‘ شاہ نواز کا فائر محمد آغا کو سر کے پیچھے لگا جس سے شدید زخمی ہو کر گر پڑا۔ شہباز نے اپنے پسٹل سے مجھ پر بھی فائر کئے جو مجھے ٹانگوں پر لگے۔ شینا کو بھی پائوں پر گولی لگی۔ جعفر نامی شخص نے ڈنڈوں سے مجھے اور بھائی محمد آغا جو کہ گولیاں لگنے سے موقع پر جاں بحق ہو چکا تھا کو مارنا شروع کر دیا۔ تھانہ سول لائن کو محمد ایوب خان نے بتایا کہ میرے بھانجے محمد حنیف نے فون پر بتایا کہ آپ کا بھائی محمد سلیم اپنے ذاتی مکان واقع خواجہ کارپوریشن ڈھوک جمعہ گھر میں مردہ حالت میں پایا گیا ہے۔ میں معہ محمد ندیم، اویس علی، محمد بشارت خان موقع پر پہنچے تو دیکھا کہ میرا بھائی محمد سلیم اپنے گھر کے کمرہ کے اندر چھت والے پنکھے کے ساتھ مردہ حالت میں لٹکا ہوا تھا‘ جسے کسی نے قتل کر دیا تھا۔ تھانہ ریس کورس کو ہاشم فرخ نے بتایا کہ میرے والد خواجہ فرخ تبار عالم عمر 63سال افطاری کے بعد اپنی پھپھو الماس کے گھر سے نکلے اور سواری کے انتظارمیں کھڑے تھے کہ ڈمپر نمبر ٹی کے کے 073کے ڈرائیور محمد حنیف نے انتہائی غفلت لاپرواہی سے ڈمپر چلاتے ہوئے میرے والد کو کچل دیا جس سے وہ شدید زخمی اور ازاں بعد جاں بحق ہوگئے۔
تازہ ترین