• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کی بلند ترین عمارت برج الخلیفہ کے علاوہ بھی دبئی میں سیرو سیاحت کے لیے بے شمار جگہیں موجود ہیں، جہاں آپ سیلفیاں لے کر سوشل میڈیا پر شیئر کرسکتے ہیں۔ حال ہی میں دبئی کے علاقے الخوانیج میں ایک عظیم الشان پارک بنایا گیا ہے، جو قرآن کریم کی تھیم پر ہے۔ اس پارک میں قرآن مجید میں بیان کردہ معجزات، درختوں اور پودوں سے متعلق آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔ 158ایکڑ وسیع رقبے پر مشتمل اس پارک کی تعمیر پر7.4ملین ڈالر لاگت آئی ہے۔

یہاں ایک ایئر کنڈیشنڈ غار بھی بنایا گیا ہے، جہاں قرآن پاک کے کرشموں اور دیگرواقعات کے بارے میں آگاہ کیا جاتاہے۔ اس پارک میں انتظامی بلاک کے علاوہ اسلامی گارڈن، بچوں کے کھیلنے کیلئے مخصوص مقامات، قرآن کریم کے معجزات کا اظہار کرتے پہاڑ، عمرہ کارنر، جھیل، صحرائی باغ، دوڑ کیلئے ٹریک، واش رومز، ریت سے بناہوا واکنگ ٹریک اور سائیکلنگ ٹریک بھی موجود ہیں۔

29مارچ کو عوام کیلئے کھولے جانے والے اس قرآن پارک کے افتتاح کا اعلان دبئی میونسپلٹی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کیا تھا۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا پارک ہے، جہاں قرآن کریم کے تقریباً سبھی معجزات کے نمونے پیش کئے گئے ہیں۔ اس پارک سے لوگوں کو قرآن کریم کو جاننے اور سمجھنے میں بے پناہ مدد ملتی ہے، جیسے کہ قرآن مجید میں 54درختوں اور پودوں کا ذکر کیا گیاہے، وہ سب آپ کو یہاں ملیں گے۔ ان درختوں میں زیتون، کیلے، انار ، گندم ، املی، پیاز ، مکئی ، کدو ، ادرک وغیرہ شامل ہیں۔

گلاس ہاؤس

قرآن پارک میں بنایا گیا گلاس ہائوس لوگوں کی کشش کا باعث بنتا ہے۔ اس کے اندر قرآن اور سنت میں مذکور29مختلف پودے اور درخت موجود ہیں۔ آپ کو یہاں زیتون، انجیر، سیاہ مہندی، عود، ایلوویرا اور دیگر پودے و نباتات ملیں گے۔ آپ کو اس گلاس ہائوس میں داخل ہوتے ہی یہاں موجود پودوں اور درختوں کی فہرست اور رہنمائی حاصل ہوجائے گی۔ ہر درخت کو الگ الگ مقام پر ا س کے نام اورمعلومات کے ساتھ لگایا گیاہےاور یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ا س کا ذکر قرآن یا حدیث میں کس جگہ آیا ہے۔

یہاں موجود پودوںاور درختوں کو خودکار نظام کے تحت کانسی کے کھمبوں میں چھپے نوزل کے ذریعے ان کی ضروریات کے مطابق پانی کی فراہمی جاری رہتی ہے۔ ان درختوں کے تنوں میں موجود وینٹی لیشن کے ذریعے یہاں کا درجہ حرارت کنٹرو ل کیا جاتاہے۔ اگر آپ کو یہاں پیاس لگے تو گلاس ہائوس کے باہر سوفٹ ڈرنک، تازہ جوس اور پانی آپ کو پیش کیا جاتا ہے۔ شام کوکھانے کا وقت ہوتو آپ کی ضیافت شوارما اوربرگرز سے بھی کی جاتی ہے۔

معجزاتی غار

یہ مصنوعی غار ان تمام معجزات کو سامنے لاتاہے جوقرآن کے مطابق پیغمبروں کو عطا کیے گئے۔ یہاں آپ کو حضر ت ابراہیم ؑ کا وہ معجزہ بھی نظر آئے گا جب انہوں نے پرندوں کے ٹکڑے کرکے چار مختلف سمتوں میں رکھ دیے تھے اور پھر وہ واپس زندہ ہو کر آگئے تھے۔ اس کے علاوہ حضرت موسیٰ ؑکا سمندر میں راستہ بنانے اور حضرت عیسیٰ ؑ کا مٹی سے پرندہ بنانے کے بعد اسے ہوا میں اڑانے جیسے معجزات پر بھی آپ کو آگاہی ملے گی ۔

آپ جیسے ہی غار میں داخل ہوں گے، قرآن کا ایک تعارفی ویڈیو دیکھیں گے، پھر اس کے بعد یہاں موجود اسکرین پر آپ کو باری باری تمام معجزات کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ یہاں صر ف ایک ہی اسکرین نہیں ہے بلکہ مختلف مقامات پر لگی اسکرینز کے ذریعے آپ کو معجزات کی تفصیلات ملتی چلی جائیں گی اور اس کے تسلسل کیلئے ایک گائیڈ بھی آپ کی رہنمائی کیلئے موجود ہوگا۔

پارک

اس پارک میں آپ کو جابجا سبزہ زار اور پھولوں سے سجے ایریا نظر آئیں گے۔ یہاں آپ کی رہنمائی کیلئے راستوں میںسنہری عربی کتابت سے مزین پوائنٹ نظر آئیں گے، جو آپ کی رہنمائی کریں گے۔ یہاںلگے سولر پینل درخت آپ کی رہنمائی کرتے ہوئے آپ کو گلاس ہائوس کی جانب لے جائیں گے۔ ان سولر درختوں کے سائے تلے آپ آرام بھی فرما سکتے ہیں اور اپنے فون کو بھی چارج کرسکتے ہیں۔ اس پارک میں ایک جھیل ہے اور اس میں لگے فوارے آپ کا دل لبھائیں گے۔ اس جھیل کے اندر گہرائی تک ایک راستہ ہے، جہاں جاکر آپ اپنی یادگار تصاویر بناسکتے ہیں۔

پارک کے کونے پر ایک کافی ہائوس بنایا گیاہے، جہاں آپ کافی، چاکلیٹ اور ڈیزرٹس سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ اس کیفے کے دائیں طرف ایک پلے گرائونڈ ہے، جہاں چھوٹے بچے خوب موج مستی کرسکتے ہیں۔ یہ قرآن پارک صبح 8 سے رات 10 بجے تک آپ کا منتظر رہتا ہے اور یہاں پارکنگ کا عمدہ نظام کیا گیا ہے۔ پارک میں داخلہ مفت ہے تاہم گلاس ہائوس اور معجزاتی غار میں داخل ہونے کیلئے آپ کو 5درہم کا ٹکٹ خریدنا ہوگا۔

تازہ ترین