• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گریجویشن کیلئے بہترین یونیورسٹی کا انتخاب آپ کے کیریئر اور زندگی پر دور رس اثرات مرتب کرتاہے۔ا یک کم رینک والی یا عام یونیورسٹی کے بجائے اگر آپ ایک مستند اور معروف یونیورسٹی سے ڈگری حاصل کرتے ہیں تو آپ کا کیریئر نہ صرف شاندار ہو سکتاہے بلکہ آپ کو متعلقہ شعبے میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع ملے گا اور نتیجے میں آپ کی زندگی صحیح ڈگر پر چل پڑے گی۔

اگر ہم اپنے ارد گرد نظر دوڑائیں ، تو اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ ملک بھر میں میں اعلیٰ عہدوں پر وہی لوگ فائز ہیں جنہوںنے اپنی تعلیم ٹاپ رینک والی یونیورسٹی سے حاصل کی ہے۔ اسی لیے کیریئر کے انتخاب کے ساتھ ساتھ بہترین یونیورسٹی کا انتخاب بھی اہمیت اختیار کر جاتاہے۔موضوع کے مطابق پہلے جان لیتے ہیں کہ نیچرل سائنس آخر ہے کیا؟

نیچرل سائنسز یا علوم ِ فطریہ

سائنس کے میدان کو عموماََ دو بنیاد ی خطوط پر استوارکیا جاتاہے ۔ ایک وہ جو فطرت کے مظاہر سے متعلق ہوتے ہیں، جنہیں علوم فطریہ یا نیچرل سائنس کہتے ہیں اور دوسرے وہ جو بی ہیویئر یا انسانی کردار اور معاشرے سے تعلق رکھتے ہیں ، انہیں سوشل سائنسز کہا جاتاہے۔

دراصل نیچر ل سائنس کی ڈگری کے حصول میں آپ ایک ہی وقت میںسائنس سے متعلق کئی موضوعات کا احاطہ کررہے ہوتے ہیں ، یعنی اس ڈگری میں کیمسٹری ،بایولوجی ، فزکس وغیرہ کی تعلیم بھی شامل ہوتی ہے۔

نیچرل سائنس یاعلوم فطریہ دراصل سائنس کی وہ شاخ ہے جس میں قدرتی مظاہر کی تعریف، بیانیہ ، پیشن گوئیوں اور سمجھ بوجھ کو مشاہدے اور تجربات سے حاصل کردہ سادہ ثبوتوں کی بنیاد پر سامنے لایا جاتاہے، یعنی اس میں جو معلومات حاصل ہوتی ہیں ان میں انسانی تجربات اور مظاہر قدرت کے بارے میں ثبوتوں کا ہونا لازمی ہوتاہے، یعنی یہ انفرادی سطح پر نہ ہوں بلکہ آئندہ آنے والے سائنسدان یا اسکالرز بھی ان کی صحت کی تصدیق کرسکیں اور مستقبل میںہونے والے تجربات میں ان کا استعمال کرسکیں۔

نیچرل سائنسز کے میجرز یا اہم مضامین کلاس رومز سے زیادہ لیبارٹریز میں یا آن گرائونڈ پڑھائے جاتے ہیں۔ بہت سے نیچرل سائنس ڈپارٹمنٹ ریسرچ پروجیکٹ جمع کروائے بغیر ڈگری فراہم نہیں کرتے ۔ نیچر ل سائنسز میں آپ ماسٹرز ، پی ایچ ڈی بھی کرسکتے ہیں۔ اگر آپ نیچر ل سائنس میں اپنا کیریئر بنانا چاہتے ہیں تو اس کیلئے آپ درج ذیل جامعات میں کسی میں بھی داخلہ لے سکتے ہیں:

کراچی یونیورسٹی

پاکستا ن کی تاریخ میں نیچر ل سائنس کے حوالے سے کراچی یونیورسٹی بہت معروف ہے، تدریس کے حوال سے بھی اسے بہترین گردانا جاتاہے۔ گریجویٹ اور انڈر گریجویٹ طلبا کیلئے مختلف پروگرامز جیسے کہ اپلائیڈ فزکس، اپلائیڈ کیمسٹری، بیالوجی، بیالوجی کی مزید کیٹیگریز جیسے کہ بایو کیمسٹری، مائکرو بیالوجی ،بایوٹیکنالوجی، مالیکیولر بیالوجی وغیرہ کی پیشکش کرتی ہے۔ یہ یونیورسٹی سندھ اور پاکستان کی سرفہرست جامعات میں سے ایک ہے۔ ان شعبوںمیں طلبا کی کثیر تعداد ہر سال داخلہ لیتی ہے۔

پنجاب یونیورسٹی لاہور

نیچر ل سائنس کی تعلیم کے حوالے سے لاہور میں قائم پنجاب یونیورسٹی بھی ایک معروف نام ہے۔ اپنے نام اورساکھ کے لحاظ سے صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ دیگر شہروں کے طلبا کیلئے بھی اس ادارے نے اپنا دامن وسیع رکھا ہے۔ نیچرل سائنسز کی تعلیم کیلئے اور نیچر ل سائنسز کے ڈپارٹمنٹس میں یہ گریجویٹس اور انڈر گریجویٹ طلبا کو ڈگری پروگرامز پیش کرتی ہے، اور یہاں سے فارغ التحصیل طلبا ملک اور ملک سے باہر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کررہے ہیں۔یہ یونیورسٹی فزکس، کیمسٹری، بیالوجی اوران کی ذیلی شاخوں میں بی ایس، ایم ایس، ایم ایس سی، ایم فِل اور پی ایچ ڈی سطح پر بھی پروگرامز کی پیش کش کرتی ہے۔

قائد اعظم یونیورسٹی

اسلام آباد کی قائد اعظم یونیورسٹی دارالحکومت کی تاریخ میں تعلیم کے حوالے سے ایک معتبر نام ہے۔ ہرسال یہاں سے فارغ ہونے والے طلباعمدہ نتائج دیتےہیں اور درجہ بندی میں سرفہرست رہنے کی وجہ اس کا اعلیٰ تعلیمی معیار ہےاور طلباکے ترجیحی اداروں میں سے یہ ایک ہے۔ یہ ادارہ بوٹنی، زولوجی، بایو کیمسٹری، بایو ٹیکنالوجی، مائکروبیالوجی، کیمسٹری اور فزکس میں بی ایس ، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی سطح کے پروگرام کی آفر کرتی ہے۔ نیچرل سائنسز میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے قائد اعظم یونیورسٹی ایک بہترین آپشن ہے لیکن یہ یونیورسٹی میرٹ پر سمجھوتہ نہیں کرتی۔

یونیورسٹی آف پشاور

خیبر پختونخواہ میں اعلیٰ معیار ی تعلیم میں یونیورسٹی آف پشاور مشہور ہے۔ پشاور یونیورسٹی کے نیچرل سائنسز ڈپارٹمنٹ کے پاس انتہائی قابل فیکلٹی ہے اور یہاں نیچرل سائنسز کے تمام شعبوںمیں گریجویٹ اور انڈ ر گریجویٹس کو ڈگری پروگرامز آفر کیے جاتے ہیں۔ یہ یونیورسٹی بھی نیچرل سائنسز کیلئے عمدہ انتخاب ثابت ہو سکتی ہے۔

نسٹ

نیچر ل سائسز کیلئے NUSTبی ایس اپلائیڈ بایو سائنس اور بی ایس فزکس کی ڈگری آفر کرتی ہے۔ نسٹ کے یہ دو ڈپارٹمنٹ نیچرل سائنسز میں اعلیٰ تعلیم کی فراہمی میں نمایاں ہیں۔ یہاں سے تعلیم یافتہ طلبا کو ملازمت ملنے کی شرح بہت بلندہے۔ 

تازہ ترین