لاہور(نمائندہ جنگ)مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے محمد نواز شریف سے ان کی صاحبزادی مریم نواز اور دیگر کی ملاقات پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز ہر روز پنجاب حکومت سے اپنے والد کو ملنے کی اجازت مانگ رہی ہیں اور پنجاب حکومت عمران صاحب کو خوش کرنے کیلئے اجازت نہیں دے رہی۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف صاحب کو عید کے موقع پر بھی اپنی والدہ، بیٹی اور گھر والوں سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔ نوازشریف کی ملاقات کا دن جمعرات مختص کیا گیا ہے لیکن اس دن بھی ملنے کو اجازت نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے کہا سلیکٹڈ وزیراعظم سیاسی مخالفین کو ذہنی اذیت پہنچا کر اور بدنام کرکے جھکانہیں سکتے۔عمران صاحب اللہ سے ڈریں، یہ ظلم کب تک چلے گا۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک اور عیدالفطر پر قوم کے غموں میں اضافے کا باعث بننے والا شخص سیاسی مخالفت میں اندھا ہوچکا ہے۔عمران صاحب ایسی انتقامی سیاست سے آپ کی نالائقی اور نااہلی ختم نہیں ہوگی، ایسی انتقامی سیاست سے آپ عوام کا پیٹ نہیں بھر سکتے، آپ آمرانہ اور فسطائی ذہنیت سے ظلم کا سیاہ باب رقم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا نواز شریف کی صحت سے متعلق تشویشناک خبریں مل رہی ہیں،عمران صاحب سیاسی انتقام اور اپنی نالائقی کی وجہ سے سیاسی بیمار اور ذہنی مریض ہو گئے ہیں۔