ملتان(نمائندہ جنگ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،تحریک انصاف نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے قدم بڑھا دیا ہے، جنوبی پنجاب صوبہ تحریک انصاف کےمنشور میں شامل ہے، اپنے منشو ر پرعمل کریں گے،عید کےبعدجنوبی پنجاب صوبے کےقیام کے سلسلے میں سیاسی قیادت سے رابطہ کرونگا تاکہ اس اہم مسئلے پر قومی یکجہتی پیدا کی جاسکے،بھارت کی نئی حکومت کیساتھ چلنےکوتیارہیں، عوام خوشیوں میں مستحقین کو یاد رکھیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نےگزشتہ روز سابق یوسی ناظم چودھری اعجاز خان لوٹھڑکی جانب سے اپنےاعزاز میں دیئے گئے افطار اور استقبالیہ سےخطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ملتان کی ترقی کیلئے ماسٹرپلان تیارکررہے ہیں،خواہش ہےکہ دوران اقتدار ملتان اور بلخصوص جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے کچھ کرجائوں، ملتان کےحلقہ این اے 156 اور 157 میں صحت ،سکولوں،سڑکوں،سوئی گیس،بجلی سمیت ترقیاتی کاموں کا جال بجھا دیں گے،الیکشن کے دوران کئے گئے وعدے پورے کرنے کا وقت آپہنچا ہے،وزارت خارجہ کی بھرپور مصروفیت کے باوجود حلقے کی عوام سےبھر پور رابطہ ہے، انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار کی نسبت ہمارے دور میں یہ بات واضح ہے کہ ترقیاتی کاموں پر کسی قسم کا کمیشن نہیں ہوگا،تمام پیسہ عوامی ترقی پر بلا تخصیص خرچ ہوگا،عوام کو تبدیلی کاپتہ چلے گا،انہوں نے کہاکہ ہماری نیتیں صاف ہیں، منزلیں آسان ہونگی، انہوں نے کہا تحریک انصاف بلا امتیاز احتساب پر یقین رکھتی ہے۔ ملک میں کرپشن کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ماضی میں کرپشن کرنے والوں پر ہاتھ نہیں ڈالا گیا ۔ اب ایسا نہیں ہوگا احتساب کا عمل جاری رہے گا ۔ ملکی تاریخ میں پہلی نواز شریف جیسے شخص کو کرپشن پر جیل میں ڈالا گیا۔ اب ہر شخص کو احتساب پر سامنا کرنا ہوگا۔ قومی خزانہ لوٹنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے گا۔