• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج مڈل آرڈر بلے باز آصف علی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں انفرادی ریکارڈز کی بجائے ٹیم کی مجموعی کارکردگی میں اپنا حصہ ڈالنا ان کی ترجیح ہے۔

برسٹل میں میڈیا سے گفت گو میں آصف علی نے کہا کہ وہ اپنے بیٹنگ آرڈر پر زیادہ غور نہیں کرتے، جس پوزیشن پر سرفراز احمد انہیں بھیجتے ہیں، ان کا کام ٹیم کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ ٹیم میں اپنے کردار کو کیسے دیکھتے ہیں تو آصف نے کہا کہ ان کی بنیادی ذمہ داری ہٹنگ کرنا ہے لیکن اگر پہلے بیٹنگ آتی ہے تو وہ مختلف انداز میں بیٹنگ کرتے ہیں۔

آصف علی کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز میں انہیں بیس ۔پچیس اوورز بیٹگ کرنے کا موقع ملا جس میں وہ اپنے انداز سے کچھ مختلف تھے، جس کی وجہ سے انہوں نے دونصف سنچریاںبنائیں۔

آصف علی ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کے اوریجنل اسکواڈ میں شامل نہیں تھے لیکن پانچ میچز کی سیریز میں ان کی کارکردگی کو دیکھ کر سلیکٹرز نے عابد علی کی جگہ آصف کو اسکواڈ میں شامل کرلیا۔

جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنے والے آصف کا کہنا ہے کہ ان کے ذہن میں یہ بات کبھی نہیں تھی کہ وہ ورلڈ کپ میں سلیکٹ ہوں گے، بس یہی خیال تھا کہ جو نصیب میں ہوگا ملے گا۔

ورلڈ کپ سے قبل آصف علی کو ذاتی زندگی میں سانحے کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم ان کے اہل خانہ اور دوستوں نے ان کا بھرپور ساتھ دیا جسکی وجہ سے انہیں ورلڈ کپ کیلئے اپنے گیم پر فوکس کرنے کا موقع ملا۔

تازہ ترین