• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب سے ہماری حکومت بنی کئی بار پنجاب پر حملے ہوئے: مریم نواز

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز—فائل فوٹو
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز—فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ جب سے ہماری حکومت بنی ہے کئی مرتبہ پنجاب پر حملہ کیا گیا۔

سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کل بہت سے لوگ نوجوانوں کے ٹھیکے دار بنے ہوئے ہیں، ان لوگوں نے کہا کہ آگ لگا دو، توڑ پھوڑ کر دو، یہ باتیں ملک دشمن ہی کر سکتا ہے۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ حکومت کسی کی بھی ہو پاکستان تو آپ کا ہے، اسلام آباد میں پولیس والوں کو کیلوں والے ڈنڈوں سے مارا گیا، کوئی قوم اپنے قانون نافذ کرنے والوں کے ساتھ ایسا کر سکتی ہے؟

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اسکالر شپس دیتے ہوئے کبھی نہیں پوچھا کہ آپ کون سی پارٹی سے ہیں، آپ کسی پارٹی سے بھی تعلق رکھتے ہیں، آپ میری ذمے داری ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ مخالفین کا شکریہ جنہوں نے مشکلات میں ڈالا، اگر میں ان مشکلات سے نہ گزرتی تو آج یہاں کھڑی نہ ہوتی۔

مریم نواز نے جلد ایک لاکھ لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ کی پہلی شپ منٹ آ گئی ہے، جن بچوں کی 65 فیصد سے زیادہ نمبرز ہیں ان سب کو لیپ ٹاپ ملیں گے، اگلی بار آؤں گی تو لیپ ٹاپ لے کر آؤں گی۔

انہوں نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کا کیس چل رہا ہے اس کا فیصلہ آنے والا ہے، سوال یہ نہیں کہ یونیورسٹی کیوں بنائی، سوال یہ ہے کہ کیسے بنائی، سوال کا جواب دو اور گھر چلے جاؤ۔

قومی خبریں سے مزید