کوئٹہ ( نمائندہ جنگ) زیارت میں پکنک منانے والے سیاحوں کی دو گاڑیوں میں دھماکے،میاں بیوی اور بچے سمیت5 افراد جاں بحق جبکہ8افراد شدید زخمی ہو گئے، ایک گاڑی میں سلنڈر کا دھماکہ ہوا جس میں کراچی سے تعلق رکھنے والی فیملی سوار تھی، گاڑی زیارت ہی سے کرائے پر حاصل کی جبکہ دوسری گاڑ ی میں بم نصب کیا گیا تھا، دو جاں بحق ہونے والوں کا تعلق ہزارہ ٹائون کوئٹہ سے ہے،بی ڈی ٹیم کوئٹہ سے طلب کر لی گئی ہے، لیویز ذرائع کے مطابق جمعے کی صبح کراچی سے تعلق رکھنے والے شبیر عباس اپنی بیوی خدیجہ شبیر بیٹے زین الدین عباس اور اپنی بہن مبارکہ کے ہمراہ تفریح کیلئے زیارت آئے تھے اور زیارت ہی سے ایک گاڑی کرائے پر خرواری بابا جانے کیلئے لی وہ جسے ہی زیرو پوائنٹ خرواری بابا کے قریب پہنچنے تو گاڑی میں لگے سی این جی سیلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیااور گاڑی میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں شبیر عباس،اسکی بیوی اور بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ اسکی بہن جھلس کر شدید زخمی ہو گئی، اطلاع ملنے پر لیویز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمی کو ہسپتال پہنچایا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشیں مردہ خانے میں رکھ دی گئی جبکہ کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹائون کے رہائشی9 دوست ظفر علی ٗ سید امیر اللہ ٗ سجاد علی ٗ عزت اللہ ٗ طالب حسین ٗ بسیمہ اللہ ٗ علی ثنا ٗ حبیب اللہ اور دیدار علی جمعہ کی شام زیارت سے پکنک منا کر گاڑی میں واپس کوئٹہ آ رہے تھے کہ وہ جسے ہی کواس پہنچنے تو گاڑی میں زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں علی ثنا اور حبیب اللہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ سات دوست شدید زخمی ہو گئے دھماکے کے باعث گاڑی میں آگ لگ گئی لیویز اور سیکورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو گاڑی سے نکلا کر ہسپتال پہنچایا جبکہ ضروری کارروائی کے بعد لاشیں اور زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا دھماکے کی اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کوئٹہ سے بم ڈسپوزل ٹیموں کو طلب کر لیا ذرائع نے بتایا کہ کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی گاڑی میں ابتدائی تحقیقات کے مطابق نامعلوم افراد نے گاڑی میں بم نصب کیا تھا تاہم مزید تحقیقات کی جا رہی ہے دونوں واقعات کے بعد زیارت میں سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔