• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایاز صادق نے علیم خان کیخلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کردیا

اسلام آباد (نیوز ایجنسیز) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے علیم خان کیخلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کردیا جبکہ رہنما پی ٹی آئی علیم خان نے کہا ہے کہ بھرپور طریقے سے مقابلہ کریں گے ایسے ریفرنس سے ڈرنے والے نہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے علیم خان کیخلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کردیا۔ ایاز صادق نے درخواست کی ہے کہ جھوٹے بیان حلفی جمع کرانے پر علیم خان کیخلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات کے تحت کارروائی کی جائے۔51 صفحات پر مشتمل ریفرنس میں ایاز صادق نے موقف اختیار کیا کہ علیم خان نے ان کے خلاف الیکشن کمیشن میں این اے 122 سے ووٹوں کی منتقلی کا جھوٹا بیان حلفی جمع کرایا۔ تحریک انصاف کے ووٹر عدنان سلیم کا ووٹ مئی 2013 کی ووٹر لسٹ میں درج ہی نہیں تھا تو دوسرے حلقے میں منتقل کیسے ہوا۔ ادھر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور این اے 122 سے پی ٹی آئی کے امیدوار عبدالعلیم خان نے اپنے خلاف ریفرنس دائر ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایاز صادق جس قدر مرضی الیکشن کمیشن کو اپنے ساتھ ملا لے ہم ایسے ہتھکنڈوں اور ریفرنس سے ڈرنے والے نہیں ہر محاذ پر ان کا مقابلہ کریں گے آج یا کل دوبارہ الیکشن ضرور ہوں گے اور دھاندلی زدہ نواز لیگ کا پیچھا جاری رکھیں گے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہم عوام کی عدالت میں بار بار جانے کو تیار ہیں انشا ء اللہ جیت عوام کی ہو گی اور شکست ضرور ان کا مقدر بنے گی۔
تازہ ترین