• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمبوڈیا سے دوسری شکست، پاکستان ورلڈ کپ کوالیفائر سے باہر

پاکستانی فٹ بال ٹیم کا فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کا خواب ایک بار پھر چکنا چور ہوگیا۔ منگل کو دوحہ(قطر) میں کمبوڈیا نے فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو 2-1 کی شکست دیکر دو میچوں کے رائونڈ میں مکمل فتح اپنے نام کرلی۔

کمبوڈیا کے خلاف پہلے میچ میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کو اگلے رائونڈ میں پہنچنے کیلئے دوسرے میچ میں 3-0 کی کامیابی درکار تھی، لیکن مخالف ٹیم نے ایک بار پھر اسے آئوٹ کلاس کرکے ایک کے مقابلے میں دو گول کی فتح سے اگلے رائونڈ میں جگہ بنالی۔

دوسرے میچ کے پہلے ہاف میں پاکستانی ٹیم چھائی رہی، لیکن دوسرے ہاف میں کمبوڈیا نے اپنے شاندار کھیل سے کامیابی سیمٹی۔ ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر کھیلے جانے والے پہلے میچ میں کمبوڈیا نے اپنے ملک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کو 2-0 سے زیر کیا تھا۔

اس طرح پاکستان کو دوسرے میچ میں ایک گول کے مارجن کے ساتھ 3-0 کی فتح درکار تھی۔ دوحہ کے حماد بن خلیفہ فٹبال اسٹیڈیم کو پاکستان کا ہوم گرائونڈ قرار دیا گیا۔ اس میچ میں پاکستانی ٹیم کا آغاز عمدہ تھا اور ابتداء سے ہی اس کے کھلاڑیوں نے کمبوڈیا کے گول پر حملے کئے۔

18 ویں منٹ میں حسن بشیر نے خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔ دوسرے ہاف میں کمبوڈیا کی ٹیم نے بھرپور فائٹ بیک کیا اور میچ برابر کرنے کیلئے جوابی حملے کئے۔

64 ویں منٹ میں کمبوڈیا کے کیو سوک پھینگ نے گول کرکے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کیا اور پھر کھیل کے اختتام سے ایک منٹ قبل رینگ بن ہنگ نے خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو 2-1 سے فتح دلوا دی۔ دوحہ میں کھیلا جانے والا میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوا۔

تازہ ترین