• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الطاف حسین لندن، حمزہ شہبازلاہور میں گرفتار، زرداری کا 10 روزہ ریمانڈ، لگتا ہے اللہ کو پاکستان پر رحم آگیا، عمران خان

لندن، کراچی (مرتضیٰ علی شاہ، نیوز ڈیسک، ایجنسیاں) اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کو لندن میں گرفتار کرلیا۔ حمزہ شہباز کو بھی لاہور ہائیکورٹ سے حراست میں لیا گیا جبکہ احتساب عدالت نے آصف زرداری کو دس روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے حالیہ گرفتاریوں کے تناظر میں کہا ہے کہ لگتا ہے اللہ کو پاکستان پر رحم آگیا۔ تفصیلات کے مطابق اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کو نفرت انگیز تقاریر کے الزام میں لندن میں گرفتار کرلیا۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے صبح سویرے بانی ایم کیو ایم کےگھر پر چھاپہ مارا اور انہیں گرفتار کر کے مقامی پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا۔ اس خبر کو سب سے پہلے جیو نیوز نے بریک کیا۔ بعدازاں میٹرو پولیٹن پولیس نے اپنے بیان میں بتایا کہ گرفتار شخص کا تعلق پاکستان کی سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ سے ہے اور اس کی عمر 60 سال سے زائد ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کے شمالی لندن میں چھاپے میں 15 پولیس افسران نے حصہ لیا اور دیر تک الطاف حسین کے گھر کی تلاشی لی جاتی رہی۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم ایم کیو ایم سیکرٹریٹ بھی پہنچ گئی اور وہاں موجود ریکارڈ کی چھان بین شروع کردی۔ یاد رہے کہ الطاف حسین نے 22 اگست 2016 کو لندن سے بذریعہ ٹیلیفونک خطاب کے دوران ریاست مخالف تقریر کی تھی، جس کی تحقیقات کیلئے اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم بھی پاکستان آئی تھی۔ بانی ایم کیو ایم کی تقریر کے خلاف مختلف مقدمات عدالتوں میں زیرسماعت ہیں، جس میں فاروق ستار سمیت دیگر کئی رہنما نامزد ہیں۔ دریں اثنا نیب نے ہائیکورٹ کی جانب سے عبوری ضمانت میں توسیع مسترد ہونے کے بعد حمزہ شہباز کو گرفتار کرلیا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز آمدن سے زائد اثاثے، رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سماعت کے سلسلے میں لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔ لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے حمزہ شہباز کی ضمانت میں توسیع کی درخواستوں پر سماعت کی تو نیب کے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل جہانزیب بھروانہ نے مؤقف اپنایا کہ حمزہ شہباز کے اثاثے آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے، حمزہ اور ان کی فیملی نے منی لانڈرنگ کی۔ عدالت نے نیب کے ایڈیشنل پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں مزید توسیع کی درخواست مسترد کردی۔ نیب ٹیم نے حمزہ شہباز کو لاہور کے دفتر پہنچا دیا، جہاں ابتدائی کارروائی کے بعد ان کا طبی معائنہ کیا جائے گا۔ نیب ذرائع کا کہنا ہےکہ حمزہ شہباز کو بدھ کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔ دوسری جانب احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف زرداری کو 10 روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ نیب نے گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے آصف زرداری کی مستقل ضمانت کی درخواست مسترد ہونے پر انہیں زرداری ہاؤس سے گرفتار کیا تھا۔ نیب کی جانب سے سابق صدر کو احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ دورانِ سماعت پراسیکیوٹر نیب مظفر عباسی نے مؤقف اختیار کیا کہ بینک حکام کی معاونت سے جعلی بینک اکاؤنٹس کھولے گئے، ملزم کو گرفتار کیا ہے، تفتیش کیلئے ریمانڈ کی ضرورت ہے۔ جج ارشد ملک نے استفسار کیا آصف زرداری کو کن بنیادوں پر گرفتار کیا۔ پہلے یہ بتائیں جس پر پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ میں گرفتاری کی بنیاد پڑھ کر بتا دیتا ہوں۔ نیب نے احتساب عدالت سے آصف زرداری کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ احتساب عدالت نے سابق صدر کا 10 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں نیب کے حوالے کردیا۔ عدالت نے آصف زرداری کو 21 جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ دریں اثنا آصف زرداری اور حمزہ شہباز کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہو ئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خدا کو پاکستان پر رحم آگیا ہے اور جو لوگ پکڑے جا رہے ہیں اس سے ہمیں فائدہ ہوگا۔ اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس کے دوران انہیں لندن میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی گرفتاری سے آگاہ کیا گیا۔ اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاری پر وزیراعظم عمران خان نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کو پاکستان پر رحم آگیا ہے، جو لوگ پکڑے جارہے ہیں، اس سے ہمیں فائدہ ہوگا۔ مہذب معاشرے میں چھوٹے بڑے کے لئے الگ قانون نہیں ہوتا، اسی لئے نئے پاکستان میں سب کے لئے یکساں قانون ہے۔ اجلاس میں ارکان اسمبلی نے وزیراعظم سے ترقیاتی فنڈز جاری نہ ہونے کا شکوہ کیا تو وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بہت جلد ارکان اسمبلی کے حلقوں کے لئے فنڈز جاری کردیں گے۔

تازہ ترین