ہر کوئی اپنے گھر کی اندرونی ڈیزائننگ کیلئے کچھ نہ کچھ دماغ ضرور لڑاتا ہے اور کوشش کرتا ہے کہ کسی حدتک جمالیات کا احساس سامنے لے آئے تاکہ گھر میں آنےو الے مہمانوں پر اچھا تاثر قائم ہو سکے۔ تاہم کسی بڑے گھر، میوزیم، آرٹ گیلری یا ہوٹل کی اندرونی و بیرونی ڈیزائننگ کے لیے انٹیریئر ڈیزائنر کی ضرورت پڑتی ہے اور صرف عمومی انٹیر یئر ڈیزائنر نہیں بلکہ کام اور مقام کی نوعیت کے مطابق اسپیشلائزڈ انٹیریئر ڈیزائنر کی خدمات درکار ہوتی ہیں۔
جدید دور میں ہر شعبہ تعلیم مزید شعبوںمیں تقسیم ہوتا جارہاہے اور ہر کلیہ کی شاخیں اور اس میں اسپیشلائزیشن کی نئی دنیا سامنے آرہی ہے۔ یہی حال انٹیریئر ڈیزائننگ کا بھی ہے، جو چار مختلف زمروں میں بٹ چکی ہے۔ اب یہ آپ کی دلچسپی اور رحجان پر منحصر ہے کہ آ پ انٹیریئر ڈیزائننگ کے کس شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہیں۔
ایک انٹیریئر ڈیزائنر ایسا پیشہ ور ماہر ہوتاہے، جو کسی بھی جگہ کو مکمل طور پر فعال بنا دیتا ہے، جسے دیکھ کر خوشگوار احساس ہوتاہے۔ انٹیریئر ڈیزائنر گھروں سے لے کر بڑے اداروں تک کے لیے ذمہ داریاں نبھا تا ہے۔ وہ ایک سادہ سے بیرونی یا اندرونی ماحول کو دلکش بنا دیتا ہے، جس کے بعد کوئی بھی مینشن یا ہوٹل ایک شاہکار نظر آتا ہے۔ وہ جگہ کی کمی یا زیادتی کو بھی خاطر میں نہیں لاتا، اس کا کام بس یہی ہےکہ کسی بھی جگہ کو پُرکشش، فعال اور محفوظ بنادے۔
انٹیریئر ڈیزائنر اپنےکلائنٹس کو مطمئن کرتاہے۔ اس کو رنگوں اور ڈیزائنز کی اچھی خاصی سمجھ بوجھ ہونی چاہئے۔ اسے اس بات کو یقینی بنانا ہوتا ہےکہ جو کچھ وہ ڈیزائن کررہا ہے، وہ اسٹائلش ہو ا ور اس میں فعالیت (functionality)ہو۔ یہ اپنے کام کو انجام دینےکیلئے لائٹنگ، آرٹ ورکس، فرش اور ونڈو ٹریٹمنٹ جیسے عوامل اختیار کرتا ہے اور کلائنٹس کو خوش کرتا ہے۔ آئیں جانتے ہیں کہ انٹیریئر ڈیزائننگ میں مزید کتنے شعبے موجودہیں، جہاںآپ قسمت آزمائی کرسکتےہیں۔
انٹیریئر اینڈ سپیشیل ڈیزائنر
انٹیریئر اینڈ سپیشیل ڈیزائننگ(Interior and Spatial Designer)میں آرکیٹیکچرل معلومات، کریئٹو ڈیزائننگ کی مہارتیں اور پروجیکٹ مینجمنٹ کی صلاحیتیں استعمال کی جاتی ہیں۔ انٹیریئر اینڈ سپیشیل ڈیزائنرز کسی بھی احاطے کو اندر سے ڈیزائن اور اس کی تزئینِ نو کرتے ہیں،جس کے لیے وہ لائٹنگ، فرنشنگ، فکسچرز اور فٹنگ، کلر اسکیم اور اسٹرکچر میں تبدیلی یا اس میں ترمیم سازی جیسے عوامل استعمال کرتے ہیں۔ وہ گھریلو یا کمرشل سطح پر فرائض انجام دیتے ہوئےاس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ان کے زیر استعمال جو بھی ایریا ہو، وہ پُرکشش اور فعال ہو۔
ایگزیبیشن ڈیزائنر
آپ نے اکثر کسی نہ کسی نمائش میں شرکت کی ہوگی اور وہاں کی گئی سیٹنگ ارینجمنٹ اور انتظامات کو دیکھ کر آپ داد دیے بنا نہیں رہ پائے ہوں گے۔ اسی قسم کے انتظامات ، ڈیزائن اور سہولیات کو عمدہ شکل دینے کا کام ایگزیبیشن ڈیزائنر (Exhibition Designer) کا ہوتا ہے، جو اس عمل کی انجام دہی کیلئے متعلقہ لوگوں سے رابطہ کرتاہے اور ڈیڈلائن پوری کرتاہے۔ ایک ایگزیبیشن ڈیزائنر بہت بڑے پیمانے اور کمرشل بنیادوں پر عوامی نمائشوں، تقریبات، ٹریڈ کانفرنسوں، ٹریڈ شوز اور ثقافتی نمائشوں (کتب خانوں، گیلریز اور میوزیمز) کیلئے کام کرتاہے ۔ ایگزیبیشن ڈیزائنر کو ریٹیلرز اور بزنس کیلئے بھی عارضی بنیادوں پر کام کرنا پڑجاتاہے۔
یہ ایگزیبیشن ڈیزائنر کی ذمہ داریوں میں ہے کہ وہ کسی بھی نمائش کو پُرکشش اور دیدہ زیب بنائے گا، جو کافی حد تک قابل عمل بھی ہو۔ اس کے لیے لازمی ہے کہ وہ بجٹ میں رہتے ہوئے تمام شرکاء تک اپنی ڈیزائننگ کی صلاحیتوں سے نمائش کا پیغام، تاثر، تصور اور خیال کا ابلاغ عمدگی سے کرے۔
پروڈکشن ڈیزائنر
پروڈکشن ڈیزائنر (Production Designer) بننے کیلئے آپ کو بہت زیادہ تخلیقی ہونے کےساتھ ساتھ بصری فنون (Visual Arts) میں بھی زبردست صلاحیتوں کا حامل ہونا ضروری ہے۔ ایک پروڈکشن ڈیزائنر کسی بھی ٹیلی ویژن پروڈکشن، تھیٹر اور فلم کے سیٹس، پروپس (استعمال ہونے والاساز وسامان)، لائٹنگ، گرافکس، کاسٹیومز اور کیمرہ اینگلز کا خیال رکھتاہے۔ کسی بھی کونسیپٹ پر متفق ہوجانے کے بعد ایک آرٹ ڈپارٹمنٹ قائم کیا جاتاہے، جس میں کنسٹرکشن اور ڈیزائن کی ٹیمیں شامل ہوتی ہیں۔ تھیٹر میں کام کرنے والے پروڈکشن ڈیزائنرز کو اسٹیج ڈیزائنر ز بھی کہا جاتاہے۔
ویژول مرچنڈائزر
ویژول مرچنڈائزر (Visual Merchandiser) ایک ایسا پیشہ ور ماہر ہوتا ہے، جو کسی برانڈ یا فیشن کے لیے اپنی مہارتوں کا اظہار کرتا ہے۔ اس میںاتنی سمجھ بوجھ ہوتی ہے کہ وہ کسٹمرز کو بآسانی سمجھ آجانے والے Looksپیش کرسکے(اور وہ اسے خریدبھی لیں)۔
ویژول مرچنڈائزر کی ذمہ داریوں میں اسٹورز، آن لائن یا کیٹلاگ میں مصنوعات و خدمات کو فروغ دینےکے لیے بصری حکمت عملیاں (Visual Strategies) اور کونسیپٹس تیار، فراہم اور کمیونیکیٹ کرنا شامل ہوتا ہے۔ ایک ویژول مرچنڈائزر گیلری یا میوزیم کے لیے بھی خدمات انجام دے سکتاہے اور ان میں ہونے والی مختلف تقریبات یا ایونٹس کے لیے ویژول حکمت عملیاں تخلیق کرسکتا ہے۔