متحدہ عرب امارات نے غزہ میں محصور فلسطینیوں کیلئے پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کا مستقل انتظام کر دیا ہے، 5 سے 7 لاکھ فلسطینی پیاس بجھا سکیں گے۔
غزہ اور مصر کی سرحد رفح کے قریب قائم اماراتی ڈیسیلینیشن پلانٹس سے غزہ کے فلسطینیوں کیلئے پینے کے پانی کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اماراتی حکام کے مطابق، منصوبے کے تحت روزانہ تقریباً 20 لاکھ گیلن صاف پانی غزہ پہنچایا جائے گا، جو لاکھوں متاثرہ افراد کی پیاس بجھانے کیلئے امید کی کرن ہے۔
اماراتی حکام کے مطابق، 6.7 کلومیٹر طویل نئی پائپ لائن کے ذریعے رفح فلسطین سے خان یونس تک پانی پہنچایا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، اسرائیلی بمباری اور ناکہ بندی کے باعث غزہ کی 85 فیصد سے زائد پانی کی لائنیں تباہ ہو چکی ہیں۔
گزشتہ چند روز میں رفح سرحد کے نزدیک پانی کی نئی پائپ لائنز ڈالی گئی ہیں اور تباہ شدہ پانی کی لائنوں کو دوبارہ بحال کیا جا رہا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ اقدامات متحدہ عرب امارات کی غزہ امدادی مہم "آپریشن الفارس الشہم تھری " کے تحت کیے جا رہے ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات نے فضائی امدادی سروس "طیور الخیر" بھی دوبارہ شروع کر دی ہے۔