اسلام آباد :… معتبر ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ اہم دستاویزات سے لیس ایک اہم لفافہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے گھر ارسال کیا گیا ہے۔ خاندان کے قریبی ذرائع نے انکشاف کیا کہ شام ساڑھے 7 بجے چند صفحات سے لیس لفافہ ارجنٹ میل سروس کے ذریعے اسلام آباد ہاؤس بھیجا گیا۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر حکومتی عہدیدار نے دی نیوز کو بتایا کہ جسٹس صاحب کے عملے میں سے ایک فرد نے لفافہ وصول کیا ، وہ خود اس وقت گھر پر موجود نہیں تھے۔ عہدیدار نے بتایا کہ جسٹس صاحب لاہور میں تھے، وہ اس ہفتے انتقال کرجانے والے اپنے ایک عزیز کی فاتحہ کیلئے وہاں گئے ہوئے تھے۔ جب پوچھا گیا کہ کیا دستاویز وصول کی گئی یا فیڈرل بورڈ آف ریوینیو نے نوٹس دیا تو عہدیدار نے اس سوال کو ٹالتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اہم لفافہ ہے لیکن ہم اس کے مندرجات سے آگاہ نہیں کیونکہ یہ بند اور مہر شدہ لفافہ تھا۔ ذرائع نے مزید کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اس ہفتے واپس اسلام آباد لوٹ جائیں گے۔ دریں اثناء سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ریفرنس کیس میں پہلی کارروائی کی جہاں اٹارنی جنرل آف پاکستان نے اپنا کیس پیش کیا۔ چیف جسٹس آف سعید کھوسہ کی سربراہی میں کونسل کا اجلاس جمعے کی دوپہر برخواست کردیا گیا۔ اٹارنی جنرل انور منصور خان نے کارروائیوں پر تبصرہ نہیں کیا اور میڈیا پرسنزکی جانب سے بار بار پوچھے گئے سوالات کے باوجود خاموش رہے۔