• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے 22ویں میچ میں بھارت نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس ( ڈی ایل ایس ) میتھڈ کے تحت 89رنز سے شکست دے دی۔

بھارت نے پاکستان کو 337رنز کا ہدف دیا،جس کے تعاقب میں 35 اوورز میں پاکستانی ٹیم نے 166 رنز بنائے تھے کہ بارش نے ایک بار پھر انٹری دی۔

ڈک ورتھ لوئس (ڈی ایل ایس) میتھڈ کے تحت اس موقع پر پاکستان کا اسکور 6وکٹ پر 252رنز ہونا چاہیے تھا لیکن قومی ٹیم 166 رنز ہی بناسکی تھی۔

بارش رکی تو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت پاکستان کو 40اوورز میں 302رنز کا ہدف ملا،یعنی قومی ٹیم کو جیت کےلئے 30گیندوں پر 136رنز کا مشکل ٹارگٹ درکار تھا۔

ورلڈ کپ کے سب سے بڑے میچ میں بھارتی ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن مشکل میں پھنس گئی،امام الحق 18 گیندوں پر 7، کپتان سرفراز احمد 12، محمد حفیظ 9 اور شعیب ملک صفر رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔

پہلی وکٹ صرف 13رنز پر گر جانے کے بعد دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور فخر زمان نے 104رنز کی شراکت قائم کی۔

اس دوران پاکستانی اوپنر فخر زمان نے اپنی نصف سنچری مکمل کی، انہوں نے کئی دلکش اسٹروکس لگائے اور چیمپئز ٹرافی کے فائنل کی یاد تازہ کرنے کی کوشش کی۔

117کے اسکور پر بھارتی بولر کلدیپ یادیو نے 104رنز کی شراکت توڑ دی،انہوں نے 48رنز بنانے والے بابر اعظم کو بولڈ کردیا۔

126کے اسکور پر اوپنر فخر زمان 62رنز بناکر آئوٹ ہوگئے، ان کی وکٹ بھی کلدیپ یادیو کے حصے میں آئی۔

129کے اسکور پر 26ویں اوور میں ہرتیک پانڈیا نے لگاتار 2گیندوں پر محمد حفیظ اور شعیب ملک جیسے سینئر بیٹسمینوں کی وکٹیں اپنے نام کیں۔

چھٹی وکٹ پر کپتان سرفراز احمد اور عماد وسیم نے اسکور میں 36رنز کا اضافہ کیا لیکن 12 رنز بنانے والے پاکستانی کپتان کو 165کے اسکور پر وجے شنکر نے بولڈ کردیا۔

ساتویں وکٹ پر شاداب خان اور عماد وسیم نے 35گیندوں پر 47رنز کی شراکت قائم کی، عماد وسیم 46 اور شاداب خان 20رنز پر ناقابل شکست رہے۔

بھارت کی طرف سے کلدیپ یادیو، وجے شنکر اور ہرتیک پانڈیا نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی، ان کا یہ فیصلہ غلط ثابت ہوا۔

بھارت نے روہیت شرما کے 140، ویرات کوہلی کے77اور راہول کے57 رنز کی بدولت اسکور بورڈ پر 336رنز کا مجموعہ سجایا۔

پاکستان کی طرف سے محمد عامر کامیاب بولر رہے، انہوں نے 47رنز دے کر ویرات کوہلی، دھونی اور پانڈیا کی وکٹیں اپنے نام کیں۔

کرکٹ کے بڑے ایونٹ کے میگا مقابلے میں 140رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے روہیت شرما کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تازہ ترین