راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر قانون و بلدیات پنجاب محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ راولپنڈی و چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقے میں پانی کی قلت دور اور غیرقانونی تجاوزات کے خاتمہ کو یقینی بنایا جائے۔ سروس اسٹیشن کے پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے اُنکے مالکان کو نوٹس جاری کئے جائیں اور فلٹریشن پلانٹ سے ضائع ہونیوالے پانی کا سدباب کیا جائے۔ آدڑہ سے چکری روڈ پیچ ورک جلداز جلد مکمل کیا جائے۔ شہر کی صفائی کے ساتھ ساتھ کوڑا کرکٹ کو روزانہ کی بنیاد پر ٹھکانے لگایا جائے۔ ڈی سی آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر راشد منہاس روڈ کی تزئین و آرائش کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ایڈیشنل سی ای او راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کو ہدایت کی کہ سٹریٹ لائٹس کی مرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے۔ڈھیری حسن آباد میں ڈسپنسری کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی چوہدری محمد علی رندھاوا نے کہا کہ کنٹونمنٹ کی حدود میں شہری آبادی کو ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہرممکن تعاون فراہم کیا جائیگا۔ مون سون کے دوران سیلاب صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔