مانچسٹر (اے ایف پی) پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کی شدید رقابت کے باوجود دونوں جانب کے شائقین نے امن کے فروغ کی تبلیغ کی۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باوجود زیادہ تر شائقین نے اس بات پر زور دیا کہ کھیل کو خوش مزاج ہی ہونا چاہئے۔ ایک انڈین شائق نے میچ کے دوران فرانسیسی خبررساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور بھارت کرکٹ کے میدان میں ہمیشہ سے ہی ایک دوسرے کے سخت حریف رہے ہیں تاہم ہمیں اس نفرت سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ یہ کوئی جنگ نہیں اسی لئے ہمیں اسے ایک کھیل کے طور پر لینا چاہئے۔ وہ تمام چینلز جو نفرت پھیلانے میں مصروف عمل تھے اب کچھ اور نئی خبروں کی تلاش میں ہیں۔